شوگرملزایسوسی ایشن کی 6 لاکھ میٹرک ٹن چینی برآمد کرنے کی درخواست

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان شوگر ملز ایسوسی ایشن نے وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ کو مراسلہ ارسال کرتے ہوئے 6 لاکھ میٹرک ٹن سرپلس چینی برآمد کرنے کی اجازت دینے کی درخواست کر دی ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ سال حکومت کی جانب سے سرپلس چینی برآمد کرنے کا وعدہ کیا گیا تھا، تاہم اس پر تاحال عمل درآمد نہیں ہو سکا۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے تجویز دی ہے کہ بقایا ساڑھے 5 لاکھ میٹرک ٹن چینی کی برآمد کی اجازت نئے کرشنگ سیزن کے آغاز کے ساتھ دی جائے۔مراسلے کے مطابق چینی کی برآمد سے ملک کو تقریباً 575 ملین امریکی ڈالر کا قیمتی زرمبادلہ حاصل ہو سکتا ہے۔

ایسوسی ایشن نے بتایا کہ موجودہ کرشنگ سیزن کے اختتام پر ملک میں 7.967 ملین میٹرک ٹن چینی کے ذخائر موجود تھے، جبکہ ملکی ضروریات پوری کرنے کے بعد بھی 1.181 ملین میٹرک ٹن چینی سرپلس ہے۔

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گنے کے کاشتکاروں کو بہتر ادائیگیوں کے باعث بہتر اقسام کی کاشت کی گئی، جس کے نتیجے میں آئندہ کرشنگ سیزن میں گنے کی اچھی فصل اور 8 ملین میٹرک ٹن چینی کی پیداوار متوقع ہے۔

شوگر ملز ایسوسی ایشن نے مؤقف اختیار کیا کہ اس وقت چینی کی مقامی قیمتیں اس کی پیداواری لاگت سے بھی کم ہیں، اس لیے سرپلس چینی کی برآمد کی اجازت دی جائے تاکہ صنعت اور کاشتکار دونوں کو ریلیف مل سکے۔

مزید خبریں

Back to top button