نگرپارکر میں اسٹریٹ چلڈرن گیمز، ماؤنٹین کلائمبنگ مقابلہ، 150 سے زائد مرد و خواتین شریک

مٹھی(جانوڈاٹ پی کے) اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ سندھ کی جانب سے نگرپارکر میں اسٹریٹ چلڈرن گیمز کا انعقاد کیا گیا، جس میں بچوں اور نوجوانوں نے بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ شرکت کی۔
محکمے کی تاریخ میں پہلی بار نگرپارکر میں ماؤنٹین کلائمبنگ کا مقابلہ بھی منعقد کیا گیا، جس میں 150 سے زائد مردوں اور خواتین نے حصہ لیا۔ اس کے علاوہ تاریخی گوری مندر کے مقام پر بچوں کے لیے باٹا، گابری، ونج وٹی، کبڈی اور ملاکھڑا سمیت مختلف روایتی کھیلوں کے مقابلے بھی کرائے گئے۔
تقریب میں سابق سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز عبدالعلیم لاشاری، ڈی جی کلچر حبیب اللہ میمن اور ڈائریکٹر کلچر ہدایت اللہ راجڑ نے خصوصی مہمانوں کے طور پر شرکت کی۔ اسپورٹس آفیسر واشدیو مالہی نے مہمانوں کا استقبال کیا اور انہیں تھر کی روایتی اجرک اور شال کے تحائف پیش کیے۔
کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے بچوں اور کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ اس موقع پر اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے تھرپارکر میں ایڈونچر اسپورٹس کو فروغ دینے کے لیے مستقبل میں بڑے پیمانے پر ماؤنٹین کلائمبنگ کے مقابلے منعقد کرانے کا اعلان بھی کیا گیا۔



