ایس سی او کثیر قطبی دنیا کا بااثر مرکز بن چکی ہے، صدر پیوٹن

بشکیک(مانیٹرنگ ڈیسک) روسی صدر ولادیمیر پوتن نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) گزشتہ 25 برسوں کے دوران مسلسل ترقی کرتے ہوئے ابھرتی ہوئی کثیر قطبی دنیا کے آزاد اور بااثر مراکز میں شامل ہوچکی ہے۔
بشکیک میں ایس سی او سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ولادیمیر پوتن نے کہا کہ تنظیم 2001 میں روس، چین، قازقستان، تاجکستان، کرغزستان اور ازبکستان کی مشترکہ کوششوں سے قائم ہوئی تھی۔
روسی صدر کے مطابق قیام کے بعد سے ایس سی او مسلسل مضبوط اور وسیع ہوئی اور آج عالمی سطح پر ایک اہم اور بااثر تنظیم کی حیثیت اختیار کرچکی ہے۔
پیوٹن نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم اب صرف یوریشیائی خطے تک محدود نہیں بلکہ دنیا کی سب سے بڑی علاقائی تنظیموں میں شامل ہے، جبکہ اس کے رکن ممالک عالمی آبادی کا تقریباً نصف حصہ بنتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایس سی او کی موجودہ حیثیت اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ عالمی نظام تیزی سے کثیر قطبی سمت میں آگے بڑھ رہا ہے اور تنظیم اس ابھرتی ہوئی عالمی ساخت میں ایک آزاد اور مؤثر مرکز کے طور پر اپنی جگہ بنا چکی ہے۔



