پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، 1800 سے زائد پوائنٹس کی کمی


کراچی(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے تیسرے روز مثبت آغاز کے بعد اچانک شدید مندی دیکھنے میں آئی، جس کے باعث کے ایس ای 100 انڈیکس 1800 سے زائد پوائنٹس گر گیا۔
کاروبار کے آغاز پر مارکیٹ میں زبردست تیزی دیکھی گئی اور 600 سے زائد پوائنٹس کے اضافے کے ساتھ 100 انڈیکس 176,935 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔
تاہم ٹریڈنگ کے دوران صورتحال یکسر تبدیل ہوگئی اور فروخت کے دباؤ کے باعث انڈیکس 1,800 سے زائد پوائنٹس کی کمی کے بعد 175,631 پوائنٹس کی سطح پر آ گیا۔
یاد رہے کہ گزشتہ کاروباری روز کے ایس ای 100 انڈیکس 638 پوائنٹس کی کمی کے بعد 177,623 پوائنٹس پر بند ہوا تھا۔
دوسری جانب انٹربینک مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قدر میں معمولی کمی ریکارڈ کی گئی، جہاں ڈالر ایک پیسہ سستا ہو کر 277.84 روپے پر ٹریڈ کر رہا ہے، جبکہ گزشتہ روز اس کی قیمت 277.85 روپے تھی۔