جنوبی وزیرستان میں بارش سے مکان کی چھت گر گئی، ایک ہی خاندان کے 4 افراد جاں بحق


ڈی آئی خان(جانوڈاٹ پی کے) جنوبی وزیرستان اپر میں مسلسل بارشوں کے باعث ایک افسوسناک حادثے میں کچے مکان کی چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے چار افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ شب جنوبی وزیرستان اپر کی تحصیل سراروغہ کے علاقے احمد وام بنگے والا میں پیش آیا، جہاں کئی روز سے جاری بارشوں کے باعث کچے کمرے کی چھت وزن برداشت نہ کر سکی اور اچانک منہدم ہوگئی۔
حادثے کے وقت خاندان کے تمام افراد کمرے میں سو رہے تھے، جو ملبے تلے دب گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں ساجد اللہ محسود، ان کی اہلیہ، ایک بیٹا اور ایک بیٹی شامل ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ مسلسل بارشوں کے باعث کچے مکانات کو شدید نقصان پہنچ رہا ہے، جبکہ شہریوں کو غیر محفوظ عمارتوں میں رہائش سے گریز اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔