وزیراعظم نےسولر پینلز اُوور اِنوائسنگ اسکینڈل پر 2 اعلیٰ سطحی کمیٹیاں بنا دیں

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وزیراعظم شہبازشریف نےسولر پینلز اُووراِنوائسنگ اسکینڈل پر 2 اعلیٰ سطحی کمیٹیاں بنا دیں۔
120 ارب روپےکی مبینہ اُووراِنوائسنگ کے معاملےکی تحقیقات کی جائیں گی،مانیٹرنگ کمیٹی کی سربراہی سیکرٹری اسٹیبلشمنٹ نبیل اعوان کریں گے۔
تحقیقات اورپراسیکیوشن کمیٹی کی سربراہی ڈی جی کسٹمزانٹیلی جنس رباب سکندرکریں گی،کمیٹیزمیں اسٹیٹ بینک، ایف آئی اے اور دیگر متعلقہ اداروں کو نمائندگی دی گئی ہے،منی لانڈرنگ کیسز پر بھی خصوصی توجہ دی جائے گی۔
انٹرنل آڈٹ نے اُوور اِنوائسنگ کے اسکینڈل کی نشاندہی کی،فیس لیس اسیسمنٹ سسٹم میں سنگین بے ضابطگیاں سامنے آئیں،سولرپینلزکی کلیئرنس میں قواعد کی خلاف ورزیوں کا انکشاف ہوا ہے،صرف 10 فیصد کنسائنمنٹس کےآڈٹ میں 120 ارب کی مبینہ اووراِن وائسنگ پکڑی گئی۔
وزیراعظم کو ہر2ہفتے بعد پیشرفت رپورٹ پیش کی جائے گی،دستاویزات کے مطابق کمیٹی اوور انوائسنگ سے متعلقہ منی لانڈرنگ کیسز پر خصوصی توجہ دے گی,ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی بلا تاخیر یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے،وزارت قانون کو کراچی اور اسلام آباد کیلئے دو پراسیکیوٹرز نامزد کرنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق ڈائریکٹوریٹ آف انٹرنل آڈٹ نے 120 ارب روپے کے سولر پینل اوور انوائسنگ اسکینڈل کی نشاند دہی کی تھی، جعلی کمپنیوں کے ذریعے سولر پینلز کی قیمتیں بڑھا کر ظاہر کی گئیں، رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد ڈائریکٹر انٹرنل آڈٹ کو معطل کر دیا گیا تھا،قائمہ کمیٹی خزانہ نے بھی اس معاملے کی تحقیقات کی تھیں۔



