چین میں صدر زرداری کا بڑا صنعتی قدم ،جدید ٹیکنالوجی اور اربوں ڈالر کی شراکت داری پر زور

چانگشا(جانوڈاٹ پی کے)صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے چین کے صوبہ حنان کے شہر چانگشا میں واقع SANY Heavy Industry کا اہم دورہ کیا، جہاں پاکستان اور چین کے درمیان صنعتی تعاون اور جدید ٹیکنالوجی کے فروغ پر زور دیا گیا۔
صدرِ مملکت کو کمپنی کے چیئرمین تانگ شیوگو کی جانب سے جدید مینوفیکچرنگ نظام، مصنوعات اور تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری پر تفصیلی بریفنگ دی گئی، جبکہ چانگشا کی نائب میئر چیان لیکسیا بھی اس موقع پر موجود تھیں۔
دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان انجینئرنگ، تعمیراتی مشینری، ٹیکنالوجی کی منتقلی اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ صدر زرداری کو کمپنی کے آپریشنز، مالی کارکردگی اور جدید پیداواری صلاحیت کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
بریفنگ کے مطابق کمپنی کی 2024 کی آپریٹنگ آمدن 11.27 ارب ڈالر رہی، جبکہ ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ، آٹومیشن اور جدید ڈیٹا بیسڈ سسٹمز کے ذریعے پیداوار کو عالمی معیار کے مطابق ڈھالا جا رہا ہے۔
صدر مملکت نے فلیگ شپ فیکٹری کا دورہ بھی کیا جہاں جدید آٹومیشن اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے لیس پیداواری نظام کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کمپنی کی تکنیکی مہارت، معیار اور جدت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے مشترکہ منصوبے پاکستان کے انفراسٹرکچر اور صنعتی ترقی میں کلیدی کردار ادا کر سکتے ہیں۔
صدر زرداری نے اس موقع پر زور دیا کہ پاکستان کو جدید صنعتی خطوط پر استوار کرنے کیلئے ٹیکنالوجی کے تبادلے، مہارتوں کی ترقی اور مشترکہ سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے قابل تجدید توانائی، انجینئرنگ اور ڈیجیٹل مینوفیکچرنگ جیسے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
کمپنی کے چیئرمین تانگ شیوگو نے پاکستان کے ساتھ مینوفیکچرنگ، ٹیکنالوجی ٹرانسفر اور صلاحیت سازی میں تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔
دورے کے دوران سینیٹر سلیم مانڈوی والا، شرجیل انعام میمن، سید قاسم نوید قمر، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی صدر مملکت کے ہمراہ تھے۔



