سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور مریم اورنگزیب کی ملاقات،پنجاب کی ترقی پر تبادلہ خیال

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کی پنجاب کی سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب سے اہم ملاقات ہوئی، جس میں صوبے کی ترقی اور جاری منصوبوں پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے دوران سردار ایاز صادق نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں ہونے والے ترقیاتی کاموں کو سراہتے ہوئے کہا کہ صوبے کی تاریخ میں پہلی بار ہر ضلع اور ہر حلقے میں مساوی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے جاری ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پنجاب ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت 60 شہروں میں بڑے پیمانے پر کام ہو رہا ہے، جو گزشتہ کئی دہائیوں کا سب سے بڑا ترقیاتی اقدام ہے، جبکہ “ستھرا پنجاب” منصوبے کو بھی ملک بھر میں سراہا جا رہا ہے۔
سپیکر قومی اسمبلی نے صحت، تعلیم، سیوریج نظام کی بہتری، الیکٹرو گرین بسوں کے آغاز اور سموگ کے خاتمے کیلئے اقدامات کو بھی قابل تحسین قرار دیا، جبکہ لاہور سے راولپنڈی تیز رفتار ٹرین منصوبے پر بھی وزیراعلیٰ کو خراج تحسین پیش کیا۔
اس موقع پر مریم اورنگزیب نے سپیکر قومی اسمبلی کو پنجاب میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی اور پارلیمانی امور میں ان کی کارکردگی کو سراہا۔



