14 اگست صرف جشن نہیں، قومی عہد کی تجدید کا دن بھی ہے، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا

پشاور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے قوم کو پاکستان کے 79ویں یومِ آزادی کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ 14 اگست محض جشن کا دن نہیں بلکہ اپنے قومی عہد کی تجدید کا بھی دن ہے۔
اپنے خصوصی پیغام میں محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ پاکستان لاکھوں قربانیوں اور طویل جدوجہد کے نتیجے میں وجود میں آیا، اس لیے آج ہمیں دیانت داری سے سوچنا ہوگا کہ کیا موجودہ پاکستان قائداعظم محمد علی جناح کے خواب کا پاکستان ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادی کا مقصد صرف ایک جغرافیائی خطے کا حصول نہیں تھا بلکہ ایسا پاکستان تشکیل دینا تھا جہاں آئین و قانون کی بالادستی ہو، ہر شہری کو مساوی حقوق حاصل ہوں اور آزادیِ اظہار کو مکمل تحفظ حاصل ہو۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ آزادیِ اظہار پر قدغنیں قائداعظم کے وژن کے خلاف ہیں، جبکہ عوام کے مینڈیٹ اور بنیادی حقوق کا تحفظ ریاست کی بنیادی ذمہ داری ہے۔
انہوں نے پاکستان کو سیاسی، معاشی اور ادارہ جاتی بحرانوں سے نکالنے کے لیے بنیادی اصلاحات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے کہا کہ حقیقی جمہوری احتساب، آزاد عدلیہ اور مؤثر ادارے وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
محمد سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پاکستان کو عظیم اور حقیقی معنوں میں آزاد بنانا موجودہ نسل کی ذمہ داری ہے۔ آزادی، انصاف، عزت اور مساوات کو ریاستی نظام کی بنیاد بنانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ نے نوجوانوں کو پاکستان کی اصل طاقت قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں انصاف، معیاری تعلیم، روزگار اور معاشی مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ نوجوانوں کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں ان کی حقیقی شمولیت بھی یقینی بنانا ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ اپنے اسلاف کی قربانیوں کو صرف تقاریر اور قومی دنوں تک محدود نہیں کرنا چاہیے بلکہ شہدا کی قربانیوں کو بامعنی اور نتیجہ خیز بنانا ہماری ذمہ داری ہے۔
محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ مالی خودکفالت اور معاشی استحکام حقیقی قومی آزادی کے لیے ناگزیر ہیں، کیونکہ معاشی طور پر کمزور ملک اپنے فیصلوں میں مکمل طور پر خودمختار نہیں رہ سکتا۔
ان کے مطابق شفاف حکمرانی اور ادارہ جاتی اصلاحات کے ذریعے پاکستان کو معاشی طور پر مضبوط بنانا ہوگا۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے قوم پر زور دیا کہ یومِ آزادی کے موقع پر پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح کے وژن کے مطابق بنانے کے عزم کی تجدید کی جائے۔
انہوں نے تحریکِ آزادی اور ملکی دفاع کے شہدا کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ قوم آزادی، خودمختاری اور دفاع کے لیے جانیں قربان کرنے والے شہدا کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔



