واقعۂ کربلا پوری انسانیت کے لیے عظیم سبق ہے، ظلم و ناانصافی کے خلاف متحد ہونا ہوگا، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی

پشاور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعۂ کربلا پوری انسانیت کے لیے عظیم سبق رکھتا ہے اور حضرت امام حسینؓ کی لازوال قربانی رہتی دنیا تک حق، صبر اور استقامت کی روشن مثال بنی رہے گی۔
انہوں نے کہا کہ نواسۂ رسول ﷺ حضرت امام حسینؓ نے دینِ اسلام کی سربلندی کے لیے اپنے اہلِ خانہ اور جانثار ساتھیوں سمیت بے مثال قربانیاں پیش کیں۔ سانحۂ کربلا ہمیں قربانی، حق کی حمایت، باطل کی مخالفت اور ظلم کے سامنے ڈٹ جانے کا درس دیتا ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ اگر مسلمان حضرت امام حسینؓ کی تعلیمات پر عمل کریں تو نہ صرف اپنی عظمتِ رفتہ کو بحال کر سکتے ہیں بلکہ دنیا سے ظلم، جبر اور انسانیت کے استحصال کے خاتمے کے لیے بھی مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
سہیل آفریدی نے کہا کہ سانحۂ کربلا تاریخ کا عظیم واقعہ ہے، جو ظالم اور نااہل حکمرانوں کے ظلم و بربریت کی یاد دلاتا ہے۔ حضرت امام حسینؓ حق و صداقت کے علمبردار تھے اور انہوں نے صبر، استقامت اور ثابت قدمی کی لازوال مثال قائم کی۔
انہوں نے کہا کہ آج وقت کا تقاضا ہے کہ ہم ظلم، ناانصافی اور لاقانونیت کے خلاف متحد ہوں اور اختلافات کو ہوا دینے کے بجائے ان عوامل کا خاتمہ کریں جو معاشرے میں انتشار اور بے چینی کا باعث بنتے ہیں۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے محرم الحرام بالخصوص یومِ عاشور کے دوران امن و امان اور مذہبی ہم آہنگی کو ہر صورت یقینی بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے تمام مکاتبِ فکر کے علمائے کرام اور عوام سے اپیل کی کہ فرقہ وارانہ ہم آہنگی، رواداری، بھائی چارے اور باہمی احترام کے فروغ کے لیے اپنا مثبت اور ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔



