سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ میں ترمیم، 12 رکنی خصوصی کمیٹی قائم

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) سندھ اسمبلی نے سندھ لوکل گورنمنٹ ایکٹ 2013 میں ترمیم کے لیے 12 رکنی خصوصی کمیٹی قائم کردی، جو مجوزہ بل پر ایک ہفتے میں غور مکمل کرکے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔

مجوزہ ترامیم کے تحت میئر، ڈپٹی میئر، چیئرمین اور وائس چیئرمین کے اختیارات اور ذمہ داریاں واضح کرنے کی تجویز دی گئی ہے، جبکہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد دو تہائی اکثریت سے منظور کی جاسکے گی۔

ترمیمی بل میں یہ تجویز بھی شامل ہے کہ نئے منتخب میئر یا چیئرمین کے عہدہ سنبھالنے تک سبکدوش ہونے والا نمائندہ بطور ایڈمنسٹریٹر کام جاری رکھے گا۔ اس کے علاوہ بلدیاتی کونسلوں اور صوبائی محکموں کے درمیان رابطہ کاری بہتر بنانے کی تجاویز بھی پیش کی گئی ہیں۔

دوسری جانب سندھ اسمبلی نے صوبائی موٹر وہیکل ترمیمی بل 2026 بھی منظور کرلیا۔ صوبائی وزیر مکیش کمار چاولہ کے مطابق پہلے ایک ماہ کے اندر گاڑی رجسٹر نہ ہونے پر جرمانہ عائد کیا جاتا تھا، تاہم نئی ترمیم کے تحت شو روم میں کھڑی گاڑی پر چھ ماہ تک جرمانہ عائد نہیں ہوگا۔

سندھ اسمبلی نے سندھ آبکاری ایکٹ میں ترمیم کا بل بھی منظور کرلیا، جس کے بعد اجلاس میں پیش کیے گئے اہم قانون سازی کے معاملات نمٹا دیے گئے۔

مزید خبریں

Back to top button