سندھ کابینہ نے کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن لاٹ2منصوبے کی تعمیر تیز کرنے کی منظوری دیدی

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کابینہ نے کراچی بی آر ٹی ریڈ لائن لاٹ2منصوبے کی تعمیر تیز کرنے کی منظوری دیدی۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سی ایم ہاؤس میں کابینہ اجلاس ہوا جس میں ٹرانسپورٹ اینڈ ماس ٹرانزٹ ڈپارٹمنٹ کی اہم سمری کابینہ نے منظور کر لی۔بی آر ٹی ریڈ لائن لاٹ 2 میں تاخیر پر سابقہ جوائنٹ وینچر معاہدہ ختم کر دیا گیا جبکہ ترقیاتی کام میں تاخیر اور ناقص کارکردگی پر پرانا کنٹریکٹ بھی منسوخ کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن (ایف ڈبلیو او) کو ہنگامی بنیادوں پر منصوبہ سونپنے کی منظوری دے دی گئی۔ایف ڈبلیو او کو براہِ راست معاہدے اورG2Gبنیادوں پر کام دیا گیا، لاٹ 2 منصوبہ نمائش چورنگی تا موسمیات تک 12.85 کلومیٹر حصے پر مشتمل ہے۔وزیراعلیٰ سندھ نے یونیورسٹی روڈ پر تعمیراتی کام 90 روز میں مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے مکسڈ ٹریفک لینز جلد مکمل کرنے کی ڈیڈ لائن مقرر کر دی۔ انہوں نے ہدایت کی کہ انڈر پاسز، بلند ڈھانچوں اور نکاسی آب کے نظام کی تعمیر تیز کی جائے۔صوبائی کابینہ نے ٹرانس کراچی کو ہنگامی بنیادوں پر آف بجٹ فنڈز فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔ کابینہ کو آگاہی دی گئی کہ ایف ڈبلیو او نے منصوبے پر عملہ اور بھاری مشینری تعینات کر دی ہے۔



