ریاض ایئر کا پاکستان میں باقاعدہ فضائی آپریشن شروع، پہلی پرواز اسلام آباد پہنچ گئی

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ریاض ایئر نے پاکستان میں باقاعدہ فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا، ایئرلائن کی پہلی پرواز جمعے کی شام اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پہنچ گئی۔
ریاض ایئر کی پرواز RX660 شام 7 بج کر 42 منٹ پر اسلام آباد ایئرپورٹ پہنچی، جس میں 69 مسافر سوار تھے۔ طیارے کی آمد پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے روایتی واٹر سیلوٹ پیش کیا گیا، جس کے بعد مسافروں کو ٹرمینل منتقل کر دیا گیا۔
ریاض ایئر کے پاکستان میں فضائی آپریشن کے آغاز پر پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کی جانب سے ایئرپورٹ پر افتتاحی تقریب بھی منعقد کی گئی۔
تقریب میں پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی، پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید، اعلیٰ سرکاری حکام اور ریاض ایئر کی انتظامیہ نے شرکت کی۔
سعودی سفیر نواف بن سعید المالکی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی فضائی سروس پاکستان اور سعودی عرب کے دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے میں مدد دے گی۔
براہ راست فضائی رابطے میں اضافے سے دونوں ممالک کے درمیان سفر مزید آسان ہوگا، جبکہ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل ایئر وائس مارشل ذیشان سعید نے بھی ریاض ایئر کا پاکستان میں خیرمقدم کیا۔



