لاہور میں تاریخی گوردوارہ چھٹی پادشاہی کو سکھ کمیونٹی کے حوالے کردیا گیا

قیامِ پاکستان کے بعدپہلی باریعنی77برس بعد مذہبی رسومات کی ادائیگی

لاہور(جانوڈاٹ  پی کے)پاکستان میں موجود سکھوں کے مقدس مقامات اور گردواروں کی بحالی کے منصوبے کے تحت لاہور کے علاقے قینچی چونگی امرسدھو میں واقع تاریخی گوردوارہ چھٹی پادشاہی کو سکھ کمیونٹی کے حوالے کردیا گیا۔مقامی انتظامیہ اور پولیس کی کارروائی کے بعد مبینہ غیر قانونی قابضین سے گوردوارے کا قبضہ واگزار کرا کے اسے سکھ برادری کے حوالے کیا گیا اور قیامِ پاکستان کے بعد پہلی بار یعنی 77 برس بعد اس گردوارے میں مذہبی رسومات ادا کی گئیں۔

تقریب کے دوران سکھ سنگت نے سری گرو گرنتھ صاحب کا پاٹھ کیا جبکہ گربانی اور نام سمرن کی روحانی تقریب بھی منعقد ہوئی۔ شرکا نے اسے سکھ برادری نے اس اقدام کو ایک تاریخی اور جذباتی لمحہ قرار دیا۔سکھ رہنماڈاکٹرگلاب سنگھ نے کہاکہ مقامی انتظامیہ،پولیس، متروکہ وقف املاک بورڈ کے ایڈیشنل سیکریٹری ناصر مشتاق اور پنجاب کے وزیر برائے اقلیتی امور و انسانی حقوق سردار رمیش سنگھ اروڑا کی کوششوں سے گوردوارہ غیر قانونی قبضے سے واگزار کرایا گیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تاریخی عبادت گاہ کو دوبارہ سکھ برادری کے لیے بحال کرنا ایک اہم پیش رفت ہے۔

ڈاکٹر گلاب سنگھ نے پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے گوردوارہ چھٹی پادشاہی کی مکمل بحالی اور مرمت کی اپیل بھی کی تاکہ اس تاریخی اور مذہبی ورثے کو آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔

پاکستان سکھ گردوارہ پربندھک کمیٹی کے سربراہ اورپنجاب کے وزیربرائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ نے بتایا کہ پاکستان میں موجود مزید50گردوارے فعال کئے جارہے ہیں، پہلے مرحلے میں 17 گردواروں کی آرائش وتزئین اوربحالی کا کام کیا جارہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سکھوں کے لئے پاکستان ان کا پہلا گھر ہے۔

مزید خبریں

Back to top button