شریا گھوشال نے خوشگوار ازدواجی زندگی کا راز بتا دیا

ممبئی (ویب ڈیسک) معروف بھارتی گلوکارہ شریا گھوشال نے اپنی ازدواجی زندگی، گھریلو ذمہ داریوں کی تقسیم اور شوہر کے تعاون کے بارے میں کھل کر گفتگو کی ہے۔

ایک حالیہ پوڈکاسٹ میں شریا گھوشال نے بتایا کہ وہ خود کو خوش قسمت سمجھتی ہیں کہ انہیں شیلادتیہ مکھوپادھیائے جیسا شریکِ حیات ملا، جو گھر کے کاموں میں ان کا بھرپور ساتھ دیتے ہیں۔

گلوکارہ کے مطابق شیلادتیہ اپنے برتن خود دھوتے، کچن کی صفائی کرتے اور گھر کے کئی دیگر کام بھی سنبھالتے ہیں۔ ان کے شوہر کو یہ بات بھی پسند نہیں کہ تمام گھریلو ذمہ داریاں صرف شریا ہی ادا کریں۔

شریا نے بتایا کہ دونوں کی مصروف پیشہ ورانہ زندگی کے باعث وہ گھریلو ذمہ داریاں مل کر نبھاتے ہیں۔ ان کے شوہر نے کبھی یہ مطالبہ نہیں کیا کہ وہ ہر وقت گھر میں موجود رہیں۔

گلوکارہ کا کہنا تھا کہ وہ بعض اوقات کئی ماہ تک کام کے سلسلے میں گھر سے دور رہتی ہیں، تاہم شیلادتیہ ہمیشہ اس حوالے سے پُراعتماد اور سمجھ دار رہے ہیں۔ دونوں کے درمیان انا کا مسئلہ نہیں اور وہ ایک دوسرے کی پیشہ ورانہ مصروفیات کو سمجھتے ہیں۔

شریا کے مطابق ان کا بچہ ان کی زندگی کا اہم ترین حصہ ہے اور وہ دونوں مل کر اپنے بیٹے کی پرورش پر توجہ دیتے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق شریا گھوشال اور شیلادتیہ مکھوپادھیائے کی پہلی ملاقات اسکول کے زمانے میں ہوئی تھی۔ دونوں پہلے قریبی دوست بنے اور بعد ازاں ان کی دوستی محبت میں بدل گئی۔

شریا کے گلوکاری کے کیریئر کے عروج کے دوران بھی دونوں نے تقریباً 10 سال تک اپنے تعلق کو میڈیا سے خفیہ رکھا۔ دونوں نے 2015ء میں شادی کی، جبکہ 2021ء میں ان کے ہاں بیٹے دیویان کی پیدائش ہوئی۔

مزید خبریں

Back to top button