پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن کا اہم اجلاس، کھیل کے فروغ اور تنظیمی امور پر غور

سکھر(جانوڈاٹ پی کے) ایک مقامی ہوٹل میں پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس کی صدارت صدر فیڈریشن حاجی ناصر رمضان گجر نے کی۔
اجلاس میں سیکریٹری جنرل سید مدد علی شاہ بخاری سمیت فیڈریشن کے عہدیداران، صوبائی و ضلعی نمائندگان اور کھیل سے وابستہ اہم شخصیات نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران پاکستان میں شوٹنگ بال کے فروغ، تنظیمی امور، آئندہ پروگرامز اور کھلاڑیوں کی فلاح و بہبود سے متعلق مختلف امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔
صدر اجلاس حاجی ناصر رمضان گجر نے شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ فیڈریشن ملک بھر میں کھیل کے فروغ اور کھلاڑیوں کی بہتری کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔
اجلاس میں سینیئر نائب صدر عبدالکریم لونی کی خدمات کو سراہا گیا اور ان سے درخواست کی گئی کہ وہ اپنے عہدے پر دوبارہ ذمہ داریاں سنبھالیں تاکہ تنظیمی امور کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔
آخر میں شرکاء نے فیڈریشن کی مضبوطی اور شوٹنگ بال کے بہتر مستقبل کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔



