مکہ مکرمہ میں شہباز شریف اور محمد بن سلمان کی اہم ملاقات شروع، دوطرفہ تعاون اور علاقائی صورتحال پر تبادلۂ خیال

ریاض/مکہ مکرمہ(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم محمد شہباز شریف اپنے سرکاری دورۂ سعودی عرب کے دوران مکہ مکرمہ میں قصر الصفا پہنچے، جہاں سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔

استقبال کے بعد دونوں رہنماؤں کے درمیان اہم دوطرفہ ملاقات کا آغاز ہوا، جس میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اسٹریٹجک شراکت داری، دوطرفہ تعلقات، اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جا رہا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ وفد میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر دفاع خواجہ محمد آصف بھی شریک ہیں۔

توقع ہے کہ ملاقات میں پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید وسعت دینے، سرمایہ کاری کے فروغ اور خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی اہم فیصلے اور تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button