کشمیری عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کریں گے، آزاد کشمیر میں ترقی کا نیا دور شروع ہوگا، رانا ثنا اللہ

حویلی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ اب کشمیری عوام سے کیے گئے تمام وعدے پورے کرنے کا وقت آ گیا ہے اور وفاق میں مسلم لیگ (ن) کی حکومت کی موجودگی میں آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی رفتار مزید تیز ہوگی۔

ایل اے 17 میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ حویلی کا تاریخی عوامی اجتماع کشمیری عوام کی پاکستان سے غیر متزلزل وابستگی کا مظہر ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کشمیر کے بغیر نامکمل ہے، جبکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کی قربانیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے انتخابات کے پہلے دو مراحل میں کامیابی حاصل کر چکی ہے اور 45 رکنی اسمبلی میں حکومت بنانے کے لیے درکار نشستوں کی تعداد پوری کرنے کی پوزیشن میں ہے۔

رانا ثنا اللہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے میرپور اور آزاد کشمیر میں پنجاب طرز کے ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے، جبکہ مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف آزاد کشمیر کے ترقیاتی منصوبوں کی خود نگرانی کریں گے۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ مظفرآباد اور میرپور کے بعد حویلی کے عوام نے بھی مسلم لیگ (ن) کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں ہونے والے انتخابات تاریخ کے شفاف ترین انتخابات تھے اور دھاندلی کے الزامات حقائق کے منافی ہیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حویلی ان کا دوسرا گھر ہے اور یہاں کے عوام سے ان کا رشتہ محبت اور اعتماد پر قائم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر میں حکومت بنا چکی ہے اور پارٹی قیادت کی جانب سے عوام کے لیے مبارکباد اور نیک خواہشات کا پیغام بھی پہنچایا گیا ہے۔

امیر مقام نے اعلان کیا کہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) سے ملحقہ علاقوں میں سڑکوں اور دیگر ترقیاتی منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کیا جائے گا، جبکہ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں پر بھی تیزی سے عملدرآمد کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مسلم لیگ (ن) حویلی سے بھی کامیابی حاصل کر کے دو تہائی اکثریت حاصل کرے گی۔

مزید خبریں

Back to top button