رجب طیب اردوان سعودی عرب پہنچ گئے، محمد بن سلمان اور شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں متوقع


جدہ(مانیٹرنگ ڈیسک) ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان ایک روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں وہ سعودی ولی عہد و وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان اور وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے اہم ملاقاتیں کریں گے۔
ترک صدر کا طیارہ کنگ عبدالعزیز انٹرنیشنل ایئرپورٹ جدہ پہنچا، جہاں سعودی حکام نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر مکہ ریجن کے نائب گورنر مشعل بن عبدالعزیز آل سعود، سعودی عرب میں ترکیہ کے سفیر امراللہ اشلر اور جدہ میں ترک قونصل جنرل مصطفیٰ اونال بھی موجود تھے۔
استقبال کے بعد صدر اردوان سڑک کے راستے مقدس شہر مکہ مکرمہ روانہ ہو گئے، جہاں ان کے دورے کے دوران اہم ملاقاتوں اور مشاورت کا سلسلہ جاری رہنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ترک صدر کے دورے میں سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات، دفاعی تعاون، علاقائی سلامتی اور مشرق وسطیٰ کی موجودہ صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا جائے گا۔
متوقع ملاقاتوں میں خطے میں جاری کشیدگی، امن و استحکام کے لیے اقدامات اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور بھی زیرِ بحث آنے کا امکان ہے۔