جھنگ:صفائی کے دوران گٹر میں گرنے سے واسا کے دو ملازمین جاں بحق


جھنگ(جانوڈاٹ پی کے) گٹر کی صفائی کے دوران پیش آنے والے افسوسناک حادثے میں واسا کے نجی ٹھیکیدار کمپنی کے دو ملازمین جان کی بازی ہار گئے۔
واقعہ اس وقت پیش آیا جب نجی کمپنی کے ملازمین جھنگ میں گٹروں کی صفائی کا کام کر رہے تھے کہ اچانک دو ملازمین مین ہول میں گر گئے۔
ریسکیو 1122 کی ٹیموں نے کارروائی کرتے ہوئے صدر تانگہ اڈا کے قریب مین ہول سے دونوں ملازمین کی لاشیں نکال لیں۔ جاں بحق افراد میں لاہور کا رہائشی 24 سالہ کاشف علی اور اوکاڑہ کا رہائشی 26 سالہ عابد علی شامل ہیں۔
ریسکیو حکام کے مطابق ضروری کارروائی مکمل کرنے کے بعد لاشیں ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔
واقعے پر اہلِ علاقہ نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ سیوریج اور گٹر صفائی کے دوران حفاظتی اقدامات کو یقینی بنایا جائے تاکہ ایسے واقعات کی روک تھام ممکن ہو سکے۔