وزیراعظم نے پیٹرولیم پرائس مکینزم اور ایل این جی خریداری کا جائزہ لینے کے اہم اجلاس آج طلب کرلیا

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعظم شہباز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے طریقہ کار (پیٹرولیم پرائس مکینزم) اور ایل این جی کارگوز کی خریداری سے متعلق اہم اجلاس آج طلب کر لیا ہے، جس میں توانائی کے شعبے سے متعلق اہم فیصلوں پر غور کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں متعلقہ وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام شرکت کریں گے، جہاں خطے کی کشیدہ اور غیر یقینی صورتحال کے تناظر میں ملک کی توانائی ضروریات، ایندھن کی دستیابی اور قیمتوں کے نظام کا تفصیلی جائزہ لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے موجودہ طریقہ کار پر غور کیا جائے گا، جبکہ یومیہ بنیاد پر قیمتوں کے تعین کے نظام کے نفاذ کے بعد اس کے اثرات اور آئندہ لائحہ عمل بھی زیر بحث آئیں گے۔
اطلاعات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اجلاس کے دوران پیٹرولیم پرائس مکینزم سے متعلق اہم ہدایات بھی جاری کر سکتے ہیں۔
اجلاس میں ایل این جی کارگوز کی خریداری کا معاملہ بھی ایجنڈے میں شامل ہے۔ ذرائع کے مطابق خطے میں جاری کشیدگی کے باعث پاکستان کو سپاٹ مارکیٹ سے ایل این جی کی خریداری پر زیادہ انحصار کرنا پڑ رہا ہے۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ قطر سے ایل این جی کی فراہمی میں تعطل کے باعث پاکستان نے نسبتاً مہنگی سپاٹ ایل این جی کارگوز خریدی ہیں، جبکہ جولائی کے لیے ملک پہلے ہی پانچ ایل این جی کارگوز خرید چکا ہے۔



