پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی ہر صورت اسلام آباد جائے گی، حافظ نعیم الرحمٰن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن نے خبردار کیا ہے کہ وزیراعظم نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی ہر صورت اسلام آباد جائے گی، جبکہ ملک بھر کے 150 شہروں میں بیک وقت مظاہرے اور دھرنے دیے جائیں گے۔
کراچی میں گل لالہ پارک کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے سابق سٹی ناظم نعمت اللہ خان کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وہ کراچی کی تعمیر و ترقی کی علامت تھے اور ان کے دور میں شہر کو بہترین انداز میں ترقی دی گئی، تاہم ان کے بعد چائنا کٹنگ نے کراچی کو شدید نقصان پہنچایا۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی کو سب سے زیادہ ووٹ دے کر اپنا مینڈیٹ دیا، لیکن پیپلز پارٹی نے اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے جماعت اسلامی کی میئر شپ پر قبضہ کیا۔
امیر جماعت اسلامی کا کہنا تھا کہ کراچی ملکی معیشت میں اہم کردار ادا کرتا ہے، لیکن اس کے شہری پینے کے پانی جیسی بنیادی سہولت سے بھی محروم ہیں۔ ان کے مطابق شہر میں پانی کا بحران حکومتی نااہلی کا نتیجہ ہے اور بعض علاقوں میں شہریوں کو 21 دن بعد پانی فراہم کیا جاتا ہے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے مطالبہ کیا کہ کراچی میں صفائی ستھرائی کا نظام ٹاؤنز اور یونین کونسلز کے حوالے کیا جائے تاکہ مقامی سطح پر شہریوں کے مسائل حل کیے جا سکیں۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کے منتخب ٹاؤن اور یونین کونسل چیئرمین اختیارات کی کمی کے باوجود بلاامتیاز عوامی خدمت کر رہے ہیں۔ ان کا الزام تھا کہ نیو کراچی ٹاؤن کے چیئرمین کو پیپلز پارٹی کی جانب سے نشانہ بنایا گیا اور ایسے افسران تعینات کیے گئے جنہوں نے ترقیاتی کاموں میں رکاوٹیں پیدا کیں۔ ان مشکلات کے باوجود کراچی میں تعمیر و ترقی کی سرگرمیاں جاری ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے اعلان کیا کہ نیو کراچی ٹاؤن میں جماعت اسلامی کے منتخب چیئرمین کی جانب سے پانچ ہزار تعلیمی کارڈ فراہم کیے جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے آئندہ بلدیاتی اور قومی انتخابات کا ذکر کرتے ہوئے عوام پر زور دیا کہ وہ بڑی تعداد میں ووٹ ڈالیں تاکہ دھاندلی کے امکانات کو روکا جا سکے۔ ان کا کہنا تھا کہ ووٹ ڈالنے کے بعد اس کی حفاظت بھی ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے اسسٹنٹ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر کے دفاتر کا گھیراؤ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وڈیروں، جاگیرداروں اور ان کے سرپرستوں کو عوامی مینڈیٹ پر قبضہ نہیں کرنے دیا جائے گا۔
پٹرولیم لیوی کو ’’بھتہ ٹیکس‘‘ قرار دیتے ہوئے حافظ نعیم الرحمٰن نے کہا کہ جماعت اسلامی اس کے خلاف تحریک چلا رہی ہے، جس کا تیسرا مرحلہ جمعہ سے شروع ہوگا۔ ان کے مطابق جماعت اسلامی کے احتجاج اور دباؤ کے بعد حکومت نے ریلیف پیکیج کا اعلان کیا، تاہم یہ پیکیج انتہائی معمولی ہے اور عوام کو خاطر خواہ فائدہ نہیں پہنچا رہا۔
انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی انتشار اور فساد نہیں چاہتی، لیکن حکومت کو اپنا مؤقف واضح کرنے کے لیے تمام مواقع فراہم کیے جا چکے ہیں۔ اگر وزیراعظم نے پٹرولیم لیوی ختم نہ کی تو جماعت اسلامی اسلام آباد کی جانب مارچ کرے گی اور ملک کے ڈیڑھ سو شہروں میں بیک وقت احتجاجی مظاہرے اور دھرنے دیے جائیں گے۔
حافظ نعیم الرحمٰن نے عزم ظاہر کیا کہ جماعت اسلامی عوامی حقوق، کراچی کی تعمیر و ترقی اور شہریوں کے انتخابی مینڈیٹ کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔



