خواجہ سعد رفیق پہلے پنجاب میں بلدیاتی الیکشن کرائیں پھر لیکچر دیں،شرجیل میمن کا بھی جواب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر صوبائی وزیر شرجیل میمن نے بلدیاتی اتنخابات کے معاملے پر خواجہ سعد رفیق کے بیان پر ردعمل جاری کردیا۔شرجیل انعام میمن نے ردعمل میں کہا کہ خواجہ سعد رفیق صاحب کو مشورہ ہے کہ پہلے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کرائیں اور وہاں عوام کو ان کا حق دیں پھر دوسرے صوبوں کے جمہوری نظام پر لیکچر دیں۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے بلدیاتی نظام پر سوال اٹھانے سے پہلے پنجاب میں بلدیاتی انتخابات نہ کرانے کی وجہ عوام کو بتائیں، تعجب ہے کہ پنجاب میں بلدیاتی انتخابات سے گریزاں لیگ (ن) کراچی کے جمہوری عمل اور بلدیاتی نظام پر تنقید کرتی ہے۔شرجیل انعام میمن نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات واقعی جمہوریت کی بنیاد ہیں تو پھر پنجاب کے عوام کو بھی ان کا آئینی حق دیا جانا چاہیے، کراچی میں بلدیاتی انتخابات آئین اور قانون کے مطابق ہوئے، عوام نے اپنے نمائندے منتخب کیے اور جمہوری عمل مکمل ہوا۔انہوں نے کہا کہ خواجہ سعد رفیق کو عوام کے فیصلے پر اعتراض کرنے کے بجائے جمہوری روایات کا احترام کرنا چاہیے، پیپلز پارٹی جمہوری اداروں، بااختیار بلدیاتی نظام اور عوامی مینڈیٹ پر یقین رکھتی ہے۔شرجیل میمن نے کہا کہ دوہرے معیار کی سیاست عوام کے سامنے زیادہ دیر نہیں چل سکتی۔

مزید خبریں

Back to top button