پنجاب نے گندم روک لی،بارشوں معصوم جانیں چلی گئیں،وفاقی وزیر مری میں بیٹھے ہیں،شرجیل میمن لیگی حکومت پر برس پڑے

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سندھ کے سینئر صوبائی وزیرشرجیل میمن نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر الیکشن میں وزیراعلی وفاقی وزرا بیٹھے ہوئے ہیں،اعلانات الیکشن کے وقت ہونا کیا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نہیں؟جنھوں نے اپنے صوبے میں لوگوں کےحق پر ڈاکہ ڈالا ہےوہ کشمیر میں نعرے لگارہے ہیں،ن لیگ اپوزیشن میں ہو تو ووٹ کو عزت دو کا نعرہ لگاتی ہے،کشمیر میں ن لیگ کو دھاندلی کرنے نہیں دی جائے گی،لیگ (ن) کو کشمیر میں دھاندلی کی اجازت نہیں دی جا سکتی،جس طرح چیئرمین بلاول بھٹو اور خاتون اول آصفہ بھٹو زرداری نے مہم چلائی وہ ایک مثال ہے،پاکستان پیپلز پارٹی نے ملک کو آئین، ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی دی،پنجاب میں17معصوم جانیں چلی گئیں،لیگ (ن) کے کچھ وزراءمری کچھ آزادکشمیر میں بیٹھے ہیں،جعلی مینڈیٹ پربیٹھے ہوئے لوگ کشمیری عوام کو حق دلوانے کی بات کرتے ہیں۔

سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی حکومت کے ترجمان شرجیل انعام میمن نے پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کے بیان پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ جعلی مینڈیٹ والی حکومت کو عوامی مینڈیٹ رکھنے والی جماعتوں کو جمہوریت کا درس دینے کا کوئی حق نہیں۔

اپنے بیان میں شرجیل انعام میمن نے کہا کہ عوام بخوبی جانتے ہیں کہ کون فارم 47 کے ذریعے اقتدار میں آیا اور کس کے پاس حقیقی عوامی مینڈیٹ موجود ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تعصب، تکبر اور اشتعال انگیز زبان مسلم لیگ (ن) کی پرانی سیاسی روایت رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کی بنیاد پنجاب میں رکھی گئی تھی اور پارٹی کو پنجاب کے عوام سے کوئی بغض نہیں۔ ان کے بقول، پیپلز پارٹی سندھ، پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا سمیت پورے پاکستان کے عوام سے یکساں محبت کرتی ہے۔

شرجیل میمن نے پنجاب حکومت کی کارکردگی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے دورِ حکومت میں پنجاب کا مجموعی قرضہ 148 ارب روپے سے بڑھ کر 692 ارب روپے تک پہنچ گیا، جبکہ گندم پالیسی کی ناکامی کے باعث کسانوں کو اربوں روپے کا نقصان اٹھانا پڑا اور صوبے پر سینکڑوں ارب روپے کا اضافی مالی بوجھ پڑا۔

انہوں نے کہا کہ کراچی ملک کی مجموعی ٹیکس وصولیوں میں سب سے زیادہ حصہ ڈالتا ہے، تاہم پیپلز پارٹی لاہور اور کراچی کے عوام میں کوئی فرق نہیں کرتی اور تمام صوبوں کے عوام کو برابر سمجھتی ہے۔

لاڑکانہ سے متعلق حالیہ بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ لاڑکانہ کے بارے میں توہین آمیز زبان استعمال کرنا شہید ذوالفقار علی بھٹو، شہید محترمہ بینظیر بھٹو اور اس خطے کے عوام کی توہین ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاڑکانہ کے عوام نے جمہوریت کے لیے قربانیاں دیں، متفقہ آئین، ایٹمی پروگرام اور پاکستان کی عالمی شناخت میں تاریخی کردار ادا کیا۔

انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری نے ہمیشہ قومی یکجہتی، جمہوری اقدار اور تمام صوبوں کے حقوق کی بات کی ہے، جبکہ نفرت اور تقسیم کی سیاست وہ عناصر کرتے ہیں جو ہر اختلاف کو صوبائی تعصب کا رنگ دینے کی کوشش کرتے ہیں۔

شرجیل انعام میمن نے اس عزم کا اظہار کیا کہ سندھ حکومت آئین، صوبے کے حقوق اور عوامی مفادات کے دفاع کا سلسلہ جاری رکھے گی، کیونکہ پاکستان کو تقسیم کی سیاست نہیں بلکہ احترام، برداشت اور وفاقی ہم آہنگی کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Back to top button