پنکی کو پہلے بھی گرفتار کرنے کی کوشش کی تھی لیکن کامیابی نہیں ملی تھی،شرجیل میمن

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے شہر قائد کیلئے خوشخبری سناتے ہوئے ایک منصوبے کی تکمیل اور دوسرے کے آغاز کا اعلان کیا ہے۔

سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ رواں ماہ شاہراہ بھٹو کو مکمل طور پر کھول دیا جائے گا، جس کے بعد شہری موٹر وے تک سفر کر سکیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ کراچی کے عوام کے لیے ایک بڑی سفری سہولت ہوگی۔شرجیل میمن نے بتایا کہ کراچی پورٹ سے تاج حیدر برج تک ایک بڑا روڈ منصوبہ بھی بنایا جا رہا ہے اور اس منصوبے کا سنگ بنیاد بھی جلد رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے کی وجہ سے شہریوں کو مسائل کا سامنا رہا تاہم حکومت کی کوشش رہی کہ اسے جلد مکمل کیا جائے۔

وزیر اطلاعات نے کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے چین کے دورے کے دوران اہم منصوبوں پر مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کیے گئے، جن میں پینے کے صاف پانی، زراعت اور لائیو اسٹاک سے متعلق منصوبے شامل ہیں۔

انہوں نے ایک خاتون ڈرگ ڈیلر کی گرفتاری کے حوالے سے کہا کہ جب وہ وزیر تھے تو اس خاتون کو گرفتار کرنے کی کوشش کی گئی لیکن کامیابی نہیں ہوئی، تاہم اب وہ گرفتار ہو چکی ہے اور اس سلسلے میں اداروں کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ عدالت میں اس کی پیشی کے معاملے کو غفلت قرار دیا جا سکتا ہے لیکن اس پر نوٹس لیا گیا، اس کا پولیس ریمانڈ لیا گیا اور اب وہ حراست میں ہے۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت نے منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے مؤثر اقدامات کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ میں دیگر خطوں کے مقابلے میں میڈیا کو نسبتاً زیادہ آزادی حاصل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بعض حلقوں کی جانب سے ماورائے عدالت واقعات سے متعلق کیسز کے بارے میں یہ بھی کہا جاتا ہے کہ ان کا میڈیا میں اتنا ذکر نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سندھ کے حکمران نسبتاً زیادہ لبرل سوچ رکھتے ہیں۔

پبلک سروس کمیشن سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے شرجیل میمن نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے ہیں کہ وہاں کسی قسم کی زیادتی ہوئی ہے تو وہ متعلقہ فورم پر شواہد کے ساتھ شکایت درج کرائیں۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ اگر شواہد موجود ہوئے تو ضرور کارروائی کی جائے گی۔

مزید خبریں

Back to top button