بلوچستان میں دہشتگردوں کا بڑا صفایا!چاغی اور پشین میں سکیورٹی فورسز کی کارروائیاں،21دہشتگرد ہلاک،6بہادراہلکارشہید

کوئٹہ (جانو ڈاٹ پی کے) بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف سیکیورٹی فورسز نے بڑی اور مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے بھارتی سرپرستی میں سرگرم دہشت گرد گروہوں سے تعلق رکھنے والے 21 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، تاہم وطن کے دفاع اور امن کے قیام کی جنگ میں دو افسران اور کسٹمز کے ایک سرکاری اہلکار سمیت 6 بہادر اہلکاروں نے جام شہادت نوش کر لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب ضلع چاغی کے علاقے نوکچا اور ضلع پشین کے علاقے زیارت کراس میں دہشت گردوں کے خلاف مؤثر اور بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔
این-40 شاہراہ پر دہشت گردوں کی خطرناک سازش ناکام
آئی ایس پی آر کے مطابق 31 اگست کو فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے این-40 کوئٹہ تفتان شاہراہ پر مسافروں کی پرامن آمدورفت متاثر کرنے کے لیے بھتہ خوری کی غرض سے غیر قانونی ناکہ قائم کرنے کی کوشش کی۔
تاہم سیکیورٹی فورسز نے بروقت اور فیصلہ کن کارروائی کرتے ہوئے دہشت گردوں کے مذموم عزائم خاک میں ملا دیے۔ شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران 11 دہشت گرد ہلاک کر دیے گئے۔
ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد کیا گیا۔
کسٹمز ہاؤس پر مربوط حملہ، فورسز کا بھرپور جواب
دوسری جانب 31 اگست اور یکم ستمبر کی درمیانی شب فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے دہشت گردوں نے مربوط حملے کے ذریعے کسٹمز ہاؤس میں داخل ہونے کی کوشش کی۔
سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے حملے کا فوری اور مؤثر جواب دیا اور شدید فائرنگ کے تبادلے میں 10 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فرار ہونے والے دہشت گردوں کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں مزید جانی نقصان اٹھانا پڑا۔
دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا پردہ چاک
آئی ایس پی آر نے کہا کہ کسٹمز ہاؤس پر حملہ دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کا واضح مظہر تھا، جس کا مقصد کسٹمز حکام کو قانونی فرائض کی انجام دہی سے روکنا اور علاقے میں جرائم پیشہ سرگرمیوں کے تسلسل کو یقینی بنانا تھا۔
شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران وطن کے 6 بہادر سپوتوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، شہید ہونے والوں میں دو افسران اور محکمہ کسٹمز کا ایک سرکاری اہلکار بھی شامل ہے۔
علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری
آئی ایس پی آر کے مطابق گرد و نواح کے علاقوں میں باقی ماندہ دہشت گردوں کے خاتمے، مقامی آبادی کے تحفظ اور اہم قومی شاہراہوں کی سیکیورٹی یقینی بنانے کے لیے کلیئرنس اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے۔
بیان میں کہا گیا کہ وفاقی ایپکس کمیٹی برائے نیشنل ایکشن پلان کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف بلاامتیاز مہم پوری قوت اور عزم کے ساتھ جاری رہے گی۔
سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی اور معاونت یافتہ دہشت گردی کے ناسور کا مکمل خاتمہ یقینی بنایا جائے گا۔
بلوچستان میں دہشت گردوں کے خلاف یہ تازہ کارروائیاں ایک واضح پیغام ہیں کہ پاکستان کے امن، سلامتی اور قومی خودمختاری کو نشانہ بنانے والوں کے لیے کوئی جگہ باقی نہیں چھوڑی جائے گی۔



