فیلڈمارشل کی استنبول میں ترک اورسعودی حکام سےاہم ملاقاتیں،دفاعی تعاون اورعلاقائی سکیورٹی کی صورتحال پرتبادلہ خیال

استنبول(جانوڈاٹ پی کے)فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ترکیہ میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں اور مشترکہ دفاعی مکہ معاہدے کے تحت منعقد ہونے والے اجلاس میں شرکت بھی کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ترکیہ میں موجود آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی استنبول میں اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں میں باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال، اسٹریٹجک شراکت اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سعودی عرب کے وزیرِ دفاع شہزادہ خالد بن سلمان بن عبدالعزیز آل سعود، ترکیہ کے وزیرِ خارجہ ہاکان فیدان، ترکیہ کے وزیرِ قومی دفاع یاشار گولر اور ترک چیف آف جنرل اسٹاف جنرل سلچوک بائرکتاروغلو سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ان ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ دفاعی تعاون اور علاقائی سیکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے مشترکہ دفاع کے لیے ‘مکہ معاہدے’ کے تحت قائم اسٹریٹجک، سیاسی اور دفاعی کمیٹی کے اجلاس میں بھی شرکت کی، جس میں پاکستان، ترکی اور مملکتِ سعودی عرب شامل ہیں، تینوں فریقین نے اسٹریٹجک شراکتداری اور دفاعی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کے امکانات کا جائزہ لیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق یہ ملاقاتیں پاکستان، مملکتِ سعودی عرب اور ترکی کے درمیان برادرانہ تعلقات اور بڑھتے ہوئے اسٹریٹجک و دفاعی تعاون کی عکاس تھیں۔



