ای بائیک سکیم: طلبہ و طالبات کیلئے لاہور میں سکوٹی ڈرائیونگ سکولز اور خصوصی کاؤنٹرز قائم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ کی ای بائیکس سکیم کے تحت طلبہ و طالبات کو سہولت فراہم کرنے کے لیے لاہور ٹریفک پولیس نے نئے سکوٹی ڈرائیونگ سکولز اور خصوصی کاؤنٹرز قائم کردیئے۔

سی ٹی او لاہور سید عبدالرحیم شیرازی کی ہدایت پر ای بائیک سکیم میں شامل طلبہ و طالبات کو عملی تربیت فراہم کرنے کے لیے 5 سکوٹی ڈرائیونگ ٹریننگ سکولز قائم کیے گئے ہیں، جبکہ تمام لائسنس سینٹرز میں الگ سکوٹی کاؤنٹرز بھی قائم کردیئے گئے ہیں۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق سکوٹی لائسنس کے حصول کے لیے طلبہ و طالبات کو صرف شناختی کارڈ ہمراہ لانا ہوگا۔ سکوٹی ڈرائیونگ کی تربیت کے لیے آبشار ڈرائیونگ سکول، لبرٹی خدمت مرکز، گریٹر اقبال پارک، ٹریفک پولیس لائنز مناواں اور ایل او ایس فیروزپور روڈ پر ٹریننگ سکول قائم کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ایل او ایس فیروزپور روڈ سکوٹی سکول میں صرف خواتین کو مفت سکوٹی چلانے کی تربیت دی جا رہی ہے۔ شہر بھر میں خواتین کے لیے سکوٹی ٹریننگ کے 5 جبکہ کار ڈرائیونگ کی تربیت کے لیے 12 ڈرائیونگ سکولز قائم ہیں، جہاں خواتین کو وویمن ٹو وویمن سروس بھی فراہم کی جارہی ہے۔

سی ٹی او لاہور کے مطابق اب تک 8 ہزار 220 خواتین نے کار ڈرائیونگ جبکہ 7 ہزار 290 خواتین نے سکوٹی چلانے کی مفت تربیت حاصل کی ہے۔ رواں سال بھی ایک ہزار 629 خواتین ڈرائیونگ سکولز سے تربیت حاصل کرچکی ہیں۔

سید عبدالرحیم شیرازی نے کہا کہ لاہور ٹریفک پولیس کے ڈرائیونگ سکولز سے ہزاروں خواتین بااعتماد ڈرائیور بن چکی ہیں، خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دے کر انہیں خودمختار اور بااختیار بنانے کا سلسلہ جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ خواتین بااختیار ہوں گی تو معاشرے میں واضح تبدیلی آئے گی، معاشرتی اور سماجی ترقی میں خواتین کا کردار بھی انتہائی اہم ہے۔ خواتین کو ڈرائیونگ کی تربیت دینے کا مقصد انہیں سفری سہولت کے ساتھ خوداعتمادی، خودمختاری اور عملی زندگی میں مزید بااختیار بنانا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button