کلوئی کے قریب پرائمری اسکول میں اچانک آگ، ریکارڈ اور فرنیچر جل کر خاکستر

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) کلوئی کے قریب گاؤں احمد جماريو میں قائم پرائمری اسکول میں گزشتہ شام اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں اسکول کا ریکارڈ، فرنیچر اور دیگر سامان جل کر خاکستر ہوگیا۔
اسکول کے استاد اور اہلِ علاقہ کے مطابق آگ اچانک لگی، جبکہ اسکول کے اطراف بجلی کی سہولت، سولر سسٹم یا جلتا ہوا چولہا بھی موجود نہیں تھا، جس کے باعث آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی۔
اسکول کے مالک محمد ہارون جماريو نے بتایا کہ انہوں نے معصوم بچوں کی تعلیم کے لیے اسکول اپنی ذاتی رقم سے تعمیر کروایا تھا۔ ان کے مطابق واقعے کے وقت گھر میں کوئی مرد موجود نہیں تھا، جبکہ خواتین نے آگ بجھانے کی کوشش کی، تاہم اس وقت تک اسکول کا تمام سامان جل چکا تھا۔
محمد ہارون جماريو اور دیگر اہلِ علاقہ نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ آتشزدگی کے واقعے کی شفاف تحقیقات کرائی جائیں اور بچوں کی تعلیم کا سلسلہ بحال رکھنے کے لیے اسکول کی نئی عمارت فراہم کی جائے۔



