سرگودھا ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں خسرہ و روبیلہ بچاؤ مہم کا آغاز

سرگودہا (جانوڈاٹ پی کے)ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں خسرہ اور روبیلہ سے بچاؤ کی قومی مہم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔ یہ مہم 17 نومبر سے 29 نومبر تک جاری رہے گی۔ مہم کے دوران پانچ لاکھ 78 ہزار 893 بچوں کو خسرہ اور روبیلہ کے حفاظتی ٹیکے لگائے جائیں گے۔ ویکسینیشن کے لیے مجموعی طور پر 535 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جن میں 333 آؤٹ ریچ ٹیمیں اور 202 فکس ٹیمیں شامل ہیں، تاکہ ہر بچے تک ویکسین کی رسائی یقینی بنائی جا سکے۔ افتتاحی تقریب میں سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر سائرہ صفدر، ڈی ایچ او ڈاکٹر شہزاد گل، ڈبلیو ایچ او کے نمائندگان اور دیگر محکمہ صحت کے افسران بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنے بچوں کو حفاظتی ٹیکے لگوائیں اور مہم کے دوران ویکسینیشن مراکز پر بچوں کو لے جائیں تاکہ وہ بروقت حفاظتی ٹیکے حاصل کر سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ خسرہ اور روبیلہ سے بچاؤ نہ صرف بچوں کی صحت کے لیے ضروری ہے بلکہ یہ قومی سطح پر بچوں کی بیماریوں کے خاتمے میں بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ حکومت اور محکمہ صحت ہر ممکن اقدامات کر رہے ہیں تاکہ مہم ہر علاقے تک پہنچ سکے اور ہر بچہ محفوظ رہے۔



