سرگودھا: ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں ادویات کی کمی کا مسئلہ حل، 11 کروڑ 70 لاکھ روپے کی نئی میڈیسن پہنچا دی گئیں

سرگودھا(جانوڈاٹ پی کے)ایم ایس ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر محمد شہباز کی ذاتی کاوشیں رنگ لے ائیں، ڈاکٹر فیصل مسعود ٹیچنگ ہسپتال میں ادویات کی کمی کا مسئلہ حل ہو گیا ہے، کیونکہ 11 کروڑ 70 لاکھ روپے مالیت سے زائد کی نئی میڈیسن پہنچا دی گئی۔ ایم ایس ڈاکٹر محمد شہباز نے بتایا کہاس بڑے میڈیکل سپلائی پیکج میں مختلف امراض کے علاج کے لیے درکار بنیادی سے لے کر خصوصی نوعیت کی ادویات شامل ہیں جس کے بعد ہسپتال میں 80 فیصد تک ادویات کی دستیابی یقینی ہو گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ 6 بڑے ٹرکوں پر مشتمل میڈیسن سپلائی گزشتہ روز ہسپتال کے اسٹور میں جمع کر دی گئی جس کے بعد او پی ڈی، ایمرجنسی اور وارڈز میں مریضوں کو ادویات کی فراہمی کا نظام مزید بہتر ہو گیا ہے۔ گزشتہ کئی ماہ سے مریضوں کو درپیش ادویات کی قلت کا مسئلہ اب بڑی حد تک ختم ہو گیا ہے جبکہ اسپتال میں اب زیادہ تر میڈیسن بلا تعطل فراہم کی جا رہی ہیں۔میڈیکل سپریڈنٹ ڈاکٹر محمد شہباز کے مطابق یہ سپلائی ہسپتال میں علاج کی سہولیات کو بہتر بنانے کی کوششوں کا اہم حصہ ہے۔ مریضوں اور ان کے لواحقین نے بھی اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ ادویات کی دستیابی سے ان کا مالی بوجھ کم ہوا ہے اور علاج میں آسانی پیدا ہوئی ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ کچھ عرصے سے ہسپتال میں ادویات کی کمی کی شکایات سامنے آرہی تھیں جس پر ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹینڈنٹ ڈاکٹر محمد شہباز کی خصوصی دلچسپی اور مسلسل کاوشوں سے یہ وسیع پیمانے کی میڈیسن سپلائی ممکن ہو سکی۔ ڈاکٹر محمد شہباز نے کہا کہ ہسپتال میں ادویات کی فراہمی کو ہر ممکن حد تک بہتر رکھا جائے گا اور مریضوں کو بہترین علاج کی سہولیات فراہم کرنا ان کی اولین ترجیح ہے۔



