سرگودھا کوٹ مومن کے سیلاب متاثرین کے لئے امدادی پیکج کی تقسیم کا آغاز

سرگودہا (جانوڈاٹ پی کے) کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر سرگودہا کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم نے کوٹمومن کے سیلاب متاثرین کے لئے سیال موڑ پر قائم امدادی کیمپ کا دورہ کیا۔ دونوں افسران نے وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کے اعلان کردہ امدادی پیکج کی تقسیم کے انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔ کمشنر اور ڈپٹی کمشنر نے متاثرین سے ملاقات کی اور ان سے معلومات لیں۔ انہیں بتایا گیا کہ وزیر اعلی پنجاب کے اعلان کردہ پیکج کے تحت تقریباً سات ہزار متاثرین کو آج سے مالی امداد کی ادائیگی شروع کر دی گئی ہے۔ کیمپ میں بیٹھنے، سایہ، ریفریشمنٹ اور دیگر تمام ضروری سہولیات کا انتظام کیا گیا ہے جبکہ ہیلتھ ڈیسک بھی قائم ہے ، فول پروف سکیورٹی کے انتظامات بھی کئے گئے ہیں۔ بینک آف پنجاب کا عملہ صبح سے شام تک موقع پر موجود رہے گا، جو متاثرین کو کیش ادائیگی کے ساتھ اے ٹی ایم کارڈز بھی فراہم کر رہا ہے تاکہ وہ اپنی مزید رقم آسانی سے نکلوا سکیں۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر کوٹ مومن فیصل چیمہ نے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ روزانہ پانچ سے سات سو متاثرین کو میسج موصول ہو رہا ہے جس کے بعد وہ اگلے روز کیمپ آکر اپنی امدادی رقم وصول کر رہے ہیں۔ ریونیو ٹیمیں بھی گاؤں گاؤں جا کر متاثرین کو ادائیگی کے طریقہ کار سے آگاہ کر رہی ہیں۔ وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کے اعلان کردہ ریلیف پیکج کے تحت عارضی یا پختہ مکانات کو جزوی نقصان، کچے گھر گرنے یا دیگر نقصانات کا ازالہ کیا جا رہا ہے۔



