ایران امریکا معاہدہ حتمی مراحل میں داخل، برابری کی بنیاد پر مذاکرات جاری، ایرانی سفیر

تہران (ویب ڈیسک) میکسیکو میں تعینات ایران کے سفیر ابوالفضل پسندیدہ نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان مجوزہ معاہدہ حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے اور مذاکرات برابری کی بنیاد پر آگے بڑھ رہے ہیں۔
ایرانی خبر رساں ادارے کے مطابق ابوالفضل پسندیدہ کا کہنا تھا کہ امریکہ اور اسرائیل ایران کے خلاف 100 روزہ جنگ کے باوجود اپنے مطلوبہ مقاصد حاصل کرنے میں ناکام رہے، جس کے بعد مذاکرات کا عمل ایک نئے مرحلے میں داخل ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایران کسی دباؤ یا کمزور پوزیشن میں نہیں بلکہ مساوی حیثیت کے ساتھ مذاکرات کر رہا ہے اور مثبت نتائج حاصل کر رہا ہے۔ ان کے بقول موجودہ بات چیت ایران کے مؤقف اور قومی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے جاری ہے۔
ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ پابندیوں کے خاتمے، غیر ملکی سرمایہ کاری کی بحالی اور معاشی سرگرمیوں میں اضافے جیسے اہم فوائد اس معاہدے کے ممکنہ نتائج میں شامل ہیں۔
ابوالفضل پسندیدہ کے مطابق ایران اور امریکہ کے درمیان مجوزہ معاہدے پر جمعہ کے روز باضابطہ دستخط متوقع ہیں، جو خطے کی سیاسی اور اقتصادی صورتحال پر گہرے اثرات مرتب کر سکتے ہیں۔



