علیمہ خان کی نظر بندی، سلمان اکرم راجا نے عدالتوں سے انصاف مانگ لیا

 لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) سیکرٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف سلمان اکرم راجا نے علیمہ خان کی نظر بندی پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ صرف کسی اندیشے کی بنیاد پر کسی کے بنیادی حقوق چھین لینا کہاں کا انصاف ہے، اس طرز عمل کے ذریعے عوام کو یہ پیغام دیا جا رہا ہے کہ ان کی کوئی حیثیت نہیں۔

لاہور ہائیکورٹ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان اکرم راجا نے کہا کہ ان کے بقول سفاکیت کی تمام حدیں عبور کردی گئی ہیں، علیمہ خان کی نظر بندی کو 9 روز گزر چکے ہیں اور وہ عدالتوں سے انصاف کی استدعا کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کے خاندان نے مثال قائم کی ہے۔ سلمان اکرم راجا کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے محمود خان اچکزئی اور علامہ راجا ناصر عباس کو مذاکرات کا اختیار دیا ہے، تاہم ان کے علم میں نہیں کہ اس وقت کوئی بیک چینل کام کر رہا ہے یا نہیں۔

دوسری جانب لاہور ہائیکورٹ میں علیمہ خان کو جیل میں ادویات، کپڑوں اور دیگر بنیادی سہولیات کی فراہمی جبکہ اہلخانہ اور وکلا سے ملاقات کی اجازت سے متعلق درخواست پر بھی سماعت ہوئی۔

عدالت کو پنجاب حکومت کی جانب سے بتایا گیا کہ علیمہ خان کو بیڈ شیٹ، کمبل، جوتے، چھ سوٹ، تولیہ، فیس واش، برش، اسکن کیئر کٹ اور شال سمیت روزمرہ استعمال کی اشیا فراہم کردی گئی ہیں۔ عدالت نے اہلخانہ اور وکلا سے ملاقات کی درخواست پر ہوم سیکرٹری پنجاب کو قانون کے مطابق فیصلہ کرنے کی ہدایت کردی۔

علیمہ خان کو 20 ستمبر کو لاہور میں 30 روز کے لیے ایم پی او کے تحت نظر بند کیا گیا تھا، جبکہ ان کی نظر بندی کے خلاف درخواست پر لاہور ہائیکورٹ میں کارروائی جاری ہے۔

مزید خبریں

Back to top button