واقعۂ کربلا ظلم کے خلاف حق کی ابدی آواز ہے، اہلِ بیتؓ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا حصہ ہے، گورنر پنجاب

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے یومِ عاشور کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ واقعۂ کربلا ظلم، جبر اور تکبر کے خلاف حق کی ایسی ابدی صدا ہے جو رہتی دنیا تک پوری انسانیت کے لیے مشعلِ راہ بنی رہے گی۔

انہوں نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا نے صبر، قربانی، عدل اور استقامت کی لازوال مثال قائم کی۔ ان کی عظیم قربانی نے یہ ثابت کر دیا کہ حق کے لیے جان قربان کی جا سکتی ہے لیکن باطل کے سامنے سر نہیں جھکایا جا سکتا۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور ان کے وفادار رفقاء نے یزیدیت کو للکارا اور اسلام کی سربلندی کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اہلِ بیتؓ کی عظیم قربانی کو قیامت تک فراموش نہیں کیا جا سکتا، جبکہ اہلِ بیتؓ سے محبت ہر مسلمان کے ایمان کا لازمی حصہ ہے۔

سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ حضرت امام حسینؓ کا پیغام کسی ایک مسلک یا گروہ تک محدود نہیں بلکہ پوری انسانیت کے لیے ہے۔ انہوں نے اس موقع پر اتحاد، بھائی چارے اور فرقہ واریت سے اجتناب کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہمیں باہمی یکجہتی اور قومی ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے۔

مزید خبریں

Back to top button