صبا قمر کا محبت کااعتراف،ساتھی اداکار کا نام بتانے سے انکار

لندن (جانو ڈاٹ پی کے)پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ صبا قمر نے ماضی کی ایک محبت کا انکشاف کرکے مداحوں کو حیران کردیا۔صبا قمر ان دنوں برطانیہ میں موجود ہیں جہاں انہوں نے ایک چیرٹی تقریب میں شرکت کی۔ تقریب کے دوران اداکارہ نے مداحوں کے مختلف سوالات کے جوابات دیے اور اپنی نجی زندگی سے متعلق ایک دلچسپ راز بھی افشا کردیا۔

صبا قمر نے بتایا کہ چند سال قبل انہیں ایک ساتھی اداکار سے محبت ہوگئی تھی۔ اداکارہ نے واضح کیا کہ مذکورہ شخص ان کے ڈرامے کا نہیں بلکہ ایک فلم کا ساتھی اداکار تھا۔

اداکارہ کے مطابق وہ ساتھی اداکار اب شادی شدہ ہیں، اسی وجہ سے وہ ان کا نام ظاہر نہیں کرنا چاہتیں۔ صبا قمر نے کہا کہ نام سامنے آنے کی صورت میں ان کی اہلیہ انہیں مشکل میں ڈال سکتی ہیں۔

صبا قمر نے مزید بتایا کہ جب انہوں نے اس محبت کا ذکر اپنی بھانجی سے کیا تو بھانجی نے انہیں مشورہ دیا کہ وہ اس شخص کو بھول کر زندگی میں آگے بڑھیں، کیونکہ دونوں اس وقت ایک ساتھ شوٹنگ کررہے تھے۔

اداکارہ نے کہا کہ انہوں نے بھی بھانجی کی بات سے اتفاق کرتے ہوئے معاملہ وہیں ختم کردیا۔

صبا قمر کے اس انکشاف کے بعد سوشل میڈیا پر نئی بحث چھڑ گئی ہے اور صارفین مختلف اداکاروں کے نام لے کر اندازے لگا رہے ہیں، تاہم اداکارہ نے خود کسی ساتھی اداکار کا نام ظاہر نہیں کیا۔

مزید خبریں

Back to top button