برطانوی وزیراعظم کا کیف کا پہلا دورہ، روس نے احتجاجاً لندن سے سفیر واپس بلا لیا

لندن، ماسکو(مانیٹرنگ ڈیسک) برطانیہ کے وزیراعظم اینڈی برنہم عہدہ سنبھالنے کے بعد اپنے پہلے غیر ملکی دورے پر یوکرین کے دارالحکومت کیف جائیں گے، جبکہ دورے کے خلاف احتجاجاً روس نے لندن سے اپنا سفیر واپس بلا لیا۔
برطانوی وزیراعظم کیف میں یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کریں گے اور فرانس و برطانیہ کی جانب سے سابق وزیراعظم کیئر اسٹارمر کے دور میں قائم کیے گئے ’’رضامندی اتحاد‘‘ کے پہلے اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔
اینڈی برنہم نے کہا کہ یوکرین کی آزادی کی 35ویں سالگرہ کے موقع پر یوکرینی عوام کو اس بات میں کوئی شک نہیں ہونا چاہیے کہ برطانیہ آج اور جب تک ضرورت ہوگی، ان کے ساتھ کھڑا ہے۔
انہوں نے روس کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ماسکو کو برطانیہ کے عزم پر کوئی شک نہیں ہونا چاہیے، برطانیہ اس وقت تک پیچھے نہیں ہٹے گا جب تک ایک منصفانہ اور دیرپا امن قائم نہیں ہوجاتا۔
دوسری جانب یوکرین جنگ میں برطانیہ کی حمایت پر روس اور برطانیہ کے درمیان کشیدگی مزید بڑھ گئی ہے۔ روس نے لندن میں اپنے سفیر آندرے کیلِن کا سفارتی مشن ختم کردیا ہے۔
روسی سفارتخانے نے تصدیق کی کہ آندرے کیلِن اب برطانیہ میں سفیر کے عہدے پر موجود نہیں ہیں۔ روسی مؤقف کے مطابق دونوں ممالک کے تعلقات تاریخ کی کم ترین سطح پر پہنچ چکے ہیں، جس کی ذمہ داری لندن پر عائد ہوتی ہے۔
ماسکو نے تاہم واضح کیا کہ سفیر کی واپسی کا مطلب روس اور برطانیہ کے درمیان سفارتی تعلقات کا خاتمہ نہیں ہے۔
برطانوی دفتر خارجہ نے روسی سفیر کی واپسی کو روسی وزارت خارجہ کا معاملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ برطانیہ ماسکو میں اپنے سفیر اور سفارتخانے کے ذریعے روسی حکومت سے رابطے جاری رکھے گا۔



