برطانوی رائل ایئرفورس کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2 پائلٹ زخمی

لندن(ویب ڈیسک) برطانوی رائل ایئرفورس (RAF) کا تربیتی جنگی طیارہ معمول کی پرواز کے دوران حادثے کا شکار ہوکر تباہ ہوگیا، تاہم طیارے میں سوار دونوں پائلٹس بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب رہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاک ٹی 2 طیارے نے انگلینڈ کے علاقے اینگلسی میں واقع آر اے ایف ویلی اسٹیشن سے تربیتی پرواز کے لیے اڑان بھری تھی، تاہم کچھ دیر بعد قریبی علاقے میں زمین پر گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر سامنے آئی ہے، جس میں طیارے کو زمین سے ٹکراتے اور تباہ ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔
رپورٹس کے مطابق طیارے میں سوار دونوں پائلٹس نے بروقت ایجیکٹ کرکے اپنی جان بچائی، تاہم حادثے میں انہیں معمولی چوٹیں آئیں۔
آر اے ایف انتظامیہ کے مطابق طیارہ گرنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔ تحقیقات مکمل ہونے تک احتیاطی اقدام کے طور پر ہاک ٹی 1 اور ٹی 2 طیاروں کی پروازیں عارضی طور پر روک دی گئی ہیں۔
حکام کا کہنا ہے کہ حادثے کی مکمل وجوہات تحقیقات کے بعد ہی سامنے آسکیں گی۔



