ماتلی بس اسٹاپ پر بے قابو وین مزدوروں پر چڑھ دوڑی، 6 افراد زخمی

ماتلی (ایم آر گدی/جانو ڈاٹ پی کے) ماتلی کے بس اسٹاپ کے اندر ایک تیز رفتار وین بے قابو ہو کر فروٹ کا کام کرنے والے مزدوروں پر چڑھ دوڑی، جس کے نتیجے میں 6 مزدور زخمی ہوگئے۔ زخمیوں کو فوری طور پر تعلقہ اسپتال ماتلی منتقل کیا گیا، جہاں ابتدائی طبی امداد کے بعد دو شدید زخمیوں کو تشویشناک حالت کے باعث سول اسپتال حیدرآباد ریفر کردیا گیا۔ عینی شاہدین کے مطابق بس اسٹاپ پر کھڑی وین کو مبینہ طور پر ایک نوآموز کلینر نے اسٹارٹ کرکے چلانے کی کوشش کی، تاہم گاڑی اچانک تیز رفتار ہو کر وہاں بیٹھے فروٹ فروش مزدوروں پر چڑھ گئی۔ اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور وین کو اپنی تحویل میں لے کر تھانے منتقل کردیا، جبکہ مزید تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ حادثے میں محفوظ رہنے والے مزدوروں کا دعویٰ ہے کہ وین کا ڈرائیور مبینہ طور پر چرس پینے کے لیے نیچے بیٹھا ہوا تھا اور اسی دوران کلینر نے گاڑی چلانے کی کوشش کی، جس سے یہ حادثہ پیش آیا۔ زخمیوں میں عامر کشمیری، مایو کولہی، وشنو، منگل، شیخو اور دیگر شامل ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



