اوکاڑہ میں سیلاب سے نمٹنے کیلئے بڑی موک ایکسرسائز، ریسکیو 1122 اور دیگر اداروں کی مشترکہ مشق

اوکاڑہ(رپورٹ وحیدآرائیں/جانوڈاٹ پی کے ) Rescue 1122 نے ضلعی انتظامیہ کے اشتراک سے لوئر باری دوآب نزد ایجوکیٹر سکول کے مقام پر ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کیلئے تیسری مشترکہ پری فلڈ موک ایکسرسائز کا انعقاد کیا۔
یہ مشق سیکرٹری ایمرجنسی سروسز پنجاب ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہ امتیاز) کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں کی گئی، جس کا مقصد مختلف اداروں کی تیاری، باہمی رابطہ کاری، بروقت ردعمل اور آپریشنل صلاحیتوں کا عملی جائزہ لینا تھا۔
فرضی سیلابی صورتحال کے دوران ریسکیو اہلکاروں نے فلڈ ریسکیو آپریشنز، متاثرہ افراد، سامان اور مویشیوں کے محفوظ انخلاء، ابتدائی طبی امداد، کشتیوں کے ذریعے ریسکیو اور متاثرین کی محفوظ مقامات پر منتقلی کی عملی مشق کی۔
مشق کے دوران انسیڈنٹ کمانڈ پوسٹ، وائرلیس کمیونیکیشن سسٹم، میڈیکل و ریلیف کیمپس اور ریسکیو رضاکاروں کی پوسٹس بھی قائم کی گئیں، جبکہ مختلف اداروں نے مشترکہ طور پر آگاہی کیمپس لگا کر ہم آہنگی اور تعاون کو مزید مؤثر بنایا۔
اس مشق میں پنجاب پولیس، ٹریفک پولیس، محکمہ صحت، محکمہ تعلیم، ستھرا پنجاب پروگرام، محکمہ انہار، لائیو اسٹاک، سول ڈیفنس، محکمہ زراعت، میونسپل کارپوریشن اور ایدھی فاؤنڈیشن سمیت دیگر اداروں نے حصہ لیا۔
اسسٹنٹ کمشنر اوکاڑہ مرزا راحیل بیگ نے مختلف مراحل کا معائنہ کرتے ہوئے ریسکیو اور دیگر اداروں کی کارکردگی کو سراہا اور ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور نظم و ضبط کی تعریف کی۔
ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ظفر اقبال نے کہا کہ ریسکیو 1122 ہر قسم کی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی مشقوں سے اداروں کی رابطہ کاری بہتر ہوتی ہے، رسپانس ٹائم کم ہوتا ہے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے میں مدد ملتی ہے۔



