قاہرہ میں اہم سفارتکاری، اسحاق ڈار کی ترک، سعودی اور مصری وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں

قاہرہ(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں ترکیہ، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ سے اہم ملاقاتیں کیں، جن میں باہمی تعلقات، علاقائی صورتحال اور مشترکہ دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے مصری وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی کا خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دریائے نیل کے کنارے پرتپاک میزبانی کا اہتمام کیا، جس سے دوستانہ تعلقات مزید مضبوط ہوئے۔
وزیر خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ترکیہ کے وزیر خارجہ حاقان فیدان اور سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان کے ساتھ نہایت خوشگوار شام گزری۔ انہوں نے کہا کہ دوستی، گرمجوش مہمان نوازی اور بامعنی گفتگو پر وہ اپنے برادر ممالک کے رہنماؤں کے شکر گزار ہیں۔
اس سے قبل اسحاق ڈار مصر پہنچے تو مصری معاون وزیر خارجہ اور مصر میں پاکستان کے سفیر نے ان کا استقبال کیا۔
وزیر خارجہ آج قاہرہ میں ہونے والے علاقائی وزرائے خارجہ اجلاس میں شرکت کریں گے، جہاں خطے کو درپیش چیلنجز، سفارتی تعاون اور علاقائی استحکام کے امور پر غور کیا جائے گا۔



