پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا لانگ مارچ بے وقت کی راگنی ہے، رانا تنویر

شیخوپورہ(جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر نیشنل فوڈ سکیورٹی اینڈ ریسرچ رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ ملک اس وقت کسی لانگ مارچ یا دھرنے کا متحمل نہیں، پی ٹی آئی اور جماعت اسلامی کا لانگ مارچ بے وقت کی راگنی ہے، قومی و عوامی مسائل سڑکوں کے بجائے پارلیمان میں زیر بحث آنے چاہئیں۔
اپنے آبائی حلقے شیخوپورہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رانا تنویر حسین نے کہا کہ سعودی عرب کی سلامتی، خودمختاری اور حرمین شریفین کے تحفظ کے لیے پاکستان سعودی قیادت کے ساتھ کھڑا ہے۔ سیاسی اور عسکری قیادت اپنا واضح پیغام دے چکی ہے اور پاکستان کی فوج سعودی قیادت کے اشارے کی منتظر ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں دہشتگردی کے واقعات میں بیرونی ہاتھ ملوث ہے، جبکہ کوہاٹ میں دہشتگردی کا واقعہ قابل مذمت ہے۔ ان کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت کو لانگ مارچ کے بجائے دہشتگردی کے خاتمے اور امن و امان کی صورتحال بہتر بنانے پر توجہ دینی چاہیے۔
رانا تنویر حسین کا کہنا تھا کہ سیاسی استحکام ہی معاشی استحکام کی بنیاد ہے اور متحدہ اپوزیشن کے قیام سے حکومت کو کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ لاہور میں سیاسی سرگرمیوں کے لیے آئے، جبکہ اغوا سے متعلق معاملہ بھی عوام کے سامنے واضح ہوچکا ہے۔
انہوں نے وزیراعلیٰ پنجاب کے سرکاری طیارے کے استعمال پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ یہ طیارہ وزیراعلیٰ پنجاب کا ہے اور کسی ایک شخصیت کی ملکیت نہیں۔
کسانوں کے مسائل پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت کاشتکاروں کی مشکلات سے آگاہ ہے۔ گزشتہ دو برس کے دوران کسانوں کو اپنی فصلوں کی مناسب قیمت نہ ملنے کے باعث بیرون ملک سے گندم درآمد کرنا پڑی۔
انہوں نے بتایا کہ سرگودھا، فاروق آباد ڈبل روڈ اور فاروق انٹرچینج پر جلد کام شروع کیا جائے گا اور عوام سے کیے گئے وعدے پورے کیے جائیں گے۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز صوبے میں مختلف شعبوں میں کام کر رہی ہیں۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے، جبکہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو اعتدال میں رکھنے کے لیے روزانہ کی بنیاد پر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔



