رمضان کوسو قتل کیس: سابق ایس ایچ او کا نام دوبارہ شامل، کیس سیشن کورٹ مٹھی منتقل

تھرپارکر (رپورٹ: میندھرو کاجھروی/جانو ڈاٹ پی کے) ڈیپلو کے قریب علی بندر روڈ پر چند ماہ قبل گاڑی میں فائرنگ کرکے قتل کیے گئے نوجوان رمضان کوسو کے قتل کیس کی سماعت کے دوران اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ کیس میں نامزد ملزمان، جن میں ڈیپلو تھانے کے سابق ایس ایچ او حسین بخش راجڑ، پولیس اہلکار پرکاش میگھواڑ اور عطا محمد بجیر شامل ہیں، عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران پولیس کی جانب سے سابق ایس ایچ او حسین بخش راجڑ کا نام مقدمے سے خارج کرانے کی کوشش کی گئی، تاہم عدالت نے یہ درخواست مسترد کرتے ہوئے ان کا نام دوبارہ مقدمے میں شامل کرنے کا حکم جاری کردیا۔
وکلاء کے مطابق پولیس نے دیپلو کی عدالت میں فائنل چالان پیش کیا تھا جس میں حسین بخش راجڑ کا نام خارج کیا گیا تھا، لیکن عدالت نے پولیس کا مؤقف قبول کرنے سے انکار کرتے ہوئے ملزم کا نام دوبارہ شامل کرنے کا حکم دیا۔
بعد ازاں عدالت نے کیس کی مزید کارروائی اور سماعت کے لیے فائنل چالان سیشن کورٹ مٹھی منتقل کردیا، جہاں اب مقدمے کی آئندہ سماعت ہوگی۔
جبکہ کیس کے اہم ملزم میں شمار شوکت راہموں کو مفرور قرار دیا گیا ہے۔



