راکول پریت سنگھ کا رشتوں میں بے وفائی اور معافی کے موضوع پر کھل کر اظہارِ خیال

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ اداکارہ راکول پریت سنگھ نے رشتوں میں بے وفائی اور معافی کے موضوع پر کھل کر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی بہت طویل ہوتی ہے، بعض اوقات ایک غلطی پر معاف بھی کیا جاسکتا ہے۔

راکول پریت سنگھ نے حال ہی میں ایک پوڈکاسٹ میں شرکت کی جہاں ان کے ساتھ اداکارہ سارہ علی خان اور اداکار آیوشمان کھرانہ بھی موجود تھے۔ گفتگو کے دوران رشتوں میں دھوکے، اعتماد اور معافی جیسے حساس موضوعات پر دلچسپ بحث ہوئی۔

جب راکول سے پوچھا گیا کہ کیا کسی رشتے میں دھوکے کو کبھی جائز قرار دیا جا سکتا ہے تو انہوں نے ابتدا میں دو ٹوک انداز میں ’نہیں‘ کہا۔ ان کے اس جواب نے گفتگو کو سنجیدہ رخ دے دیا۔ سارہ علی خان نے بھی اپنی رائے دیتے ہوئے کہا کہ اگر کوئی معافی بھی مانگ لے تب بھی دھوکا ناقابلِ قبول ہی رہتا ہے۔

تاہم آیوشمان کھرانہ نے قدرے مختلف مؤقف اپناتے ہوئے کہا کہ ہر رشتے کی صورتحال مختلف ہوتی ہے اور بعض اوقات سچی معذرت کی اہمیت بھی ہوتی ہے۔

اسی دوران راکول پریت سنگھ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب حالات اور غلطی کی نوعیت پر منحصر ہوتا ہے۔ ان کے مطابق اگر کسی سے ایک بار غلطی ہو جائے تو ضروری نہیں کہ ہمیشہ کے لیے رشتہ ختم کر دیا جائے، کیونکہ زندگی اتنی لمبی ہے کہ ایک غلطی کو معاف کیا جاسکتا ہے۔ البتہ انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کا یہ بیان ان کی ذاتی ازدواجی زندگی سے متعلق نہیں ہے۔

گفتگو کے دوران سارہ علی خان نے دلچسپ انداز میں کہا کہ وہ شاید معاف کر دیں لیکن کبھی بھول نہیں سکتیں۔ پوڈکاسٹ میں اعتماد، حدود اور تعلقات کی نزاکت پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی جہاں ہر مہمان نے اپنی الگ رائے پیش کی۔

یہ گفتگو ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب حال ہی میں راکول پریت سنگھ اور ان کے شوہر جیکی بھگنانی کی ازدواجی زندگی بھی سوشل میڈیا پر موضوعِ بحث بنی ہوئی تھی۔ جیکی بھگنانی نے ایک پوڈکاسٹ میں اپنے رشتے کو ’’سچویشن شپ‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ ان کی شادی کی بنیاد سکون، دوستی اور ایمانداری پر قائم ہے۔

انہوں نے کہا تھا کہ شادی سے پہلے بھی دونوں اپنی زندگیوں میں خوش تھے، لیکن ایک ساتھ آنے سے ان کی خوشیوں میں مزید اضافہ ہوا۔

واضح رہے کہ راکول پریت سنگھ حال ہی میں فلم ’’پتی پتنی اور وہ 2‘‘ میں آیوشمان کھرانہ، سارہ علی خان اور وامیکا گبی کے ساتھ نظر آئی تھیں۔

مزید خبریں

Back to top button