رکشا بندھن محبت، اعتماد، عزت اور بھائی چارے کا خوبصورت پیغام دینے والا تہوار ہے،ڈاکٹر لیکھراج راٹھور

میرپورخاص (بیوروچیف/شاھدمیمن) ملک سمیت دنیا بھر میں ہندو برادری کی جانب سے بھائی اور بہن کے مقدس رشتے کی علامت مذہبی تہوار رکشا بندھن آج جوش، عقیدت اور محبت کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں گھروں اور مندروں میں پوجا پاٹ اور مذہبی تقریبات کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔میرپورخاص میں بھی رکشا بندھن کے موقع پر مختلف مقامات پر تقریبات منعقد کی گئیں-جہاں بہنوں نے اپنے بھائیوں کی کلائیوں پر راکھی باندھی- جبکہ بھائیوں کی جانب سے اپنی بہنوں کی عزت، حفاظت اور زندگی بھر ہر دکھ سکھ میں ساتھ دینے کا عہد کیا گیا۔ اس موقع پر سول اسپتال میرپورخاص کے سینئر ڈاکٹر لیکھراج نے اپنے بیان میں کہا کہ رکشا بندھن محبت، اعتماد، عزت اور بھائی چارے کا خوبصورت پیغام دینے والا تہوار ہے بھائی اور بہن کا رشتہ دنیا کے خوبصورت اور مضبوط رشتوں میں سے ایک ہے، جسے محبت، احترام اور ایک دوسرے کے تعاون سے مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔ ڈاکٹر لیکھراج نے کہا کہ رکشا بندھن کا اصل پیغام صرف راکھی باندھنے تک محدود نہیں بلکہ اپنی بہن کی عزت، حفاظت اور حقوق کا خیال رکھنے اور ہر مشکل گھڑی میں اس کا ساتھ دینے کا عہد ہے۔ انہوں نے ہندو برادری کو رکشا بندھن کی دلی مبارکباد بھی پیش کی-

مزید خبریں

Back to top button