آئی اے ای اے سربراہ کا سعودی عرب دورہ، جوہری تعاون اور سلامتی پر تبادلہ خیال

ریاض(ویب ڈیسک) عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کے سربراہ رافیل گروسی نے یو اے ای اور قطر کے بعد سعودی عرب کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سعودی وزیر خارجہ فیصل بن فرحان اور وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔
سعودی پریس ایجنسی کے مطابق سعودی وزیر خارجہ اور آئی اے ای اے سربراہ کی ملاقات میں سعودی عرب اور عالمی جوہری توانائی ایجنسی کے درمیان تعاون کا جائزہ لیا گیا، جبکہ جوہری عدم پھیلاؤ اور جوہری تحفظ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
رافیل گروسی نے سعودی وزیر توانائی شہزادہ عبدالعزیز بن سلمان بن عبدالعزیز سے بھی ملاقات کی، جس میں تکنیکی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کو فروغ دینے پر گفتگو کی گئی۔
ملاقاتوں کے دوران جوہری سلامتی کے عالمی اصولوں پر مؤثر عملدرآمد کو یقینی بنانے پر بھی زور دیا گیا۔



