بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے آن گراؤنڈ واٹر باڈیز کا پلان طلب، پوٹھوہار میں مزید 800 مینی ڈیمز بنانے کی منظوری

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) وزیرِاعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے بارش کے پانی کو محفوظ بنانے کے لیے آن گراؤنڈ واٹر باڈیز کا جامع پلان طلب کر لیا، جبکہ پوٹھوہار کے بارانی علاقوں میں آئندہ تین سال کے دوران 800 نئے مینی ڈیمز تعمیر کرنے کی منظوری بھی دے دی۔
وزیرِاعلیٰ پنجاب کی زیرِ صدارت ٹرانسفارمیشن آف ایگریکلچر اور واٹر مینجمنٹ سے متعلق اجلاس میں صوبے میں پانی کی بچت، زیرِ زمین پانی کے انتظام اور آبی وسائل کے مؤثر استعمال پر تفصیلی غور کیا گیا۔
مریم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سمجھدار قوم وہی ہوتی ہے جو پانی کے ایک ایک قطرے کو محفوظ بناتی ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ بارش کے پانی کو ضائع ہونے سے بچانے کے لیے مؤثر منصوبہ بندی کی جائے۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پوٹھوہار میں 800 نئے مینی ڈیمز کی تعمیر سے 32 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی صلاحیت پیدا ہوگی، جس سے زرعی شعبے اور آبی وسائل کے تحفظ میں نمایاں بہتری آئے گی۔
وزیراعلیٰ نے زیرِ زمین پانی کی مینجمنٹ سے متعلق موجودہ قانونی فریم ورک کو مزید مؤثر بنانے، واٹر کنزرویشن اور پانی کی نگرانی کے لیے خصوصی ہیومن ریسورس (HR) اسٹاف تعینات کرنے کی بھی ہدایت دی۔
انہوں نے محکمہ زراعت، آبپاشی، ہاؤسنگ اور لوکل گورنمنٹ کو پانی کے تحفظ کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت کام کرنے کا حکم دیتے ہوئے اعلان کیا کہ رواں مالی سال کے دوران کسانوں کو 50 فیصد سبسڈی پر ایک ہزار نئے لیزر لینڈ لیولرز فراہم کیے جائیں گے۔
اجلاس میں صوبے میں کھاد کی دستیابی کا بھی جائزہ لیا گیا، جبکہ اٹک، تلہ گنگ، گوجر خان اور راولپنڈی میں نئے تعمیر ہونے والے مینی ڈیمز کے تصویری شواہد بھی پیش کیے گئے۔



