پنجاب بھر میں پریشر ہارن کے خلاف سخت کریک ڈاؤن، آج سے بلاامتیاز کارروائی کا حکم

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب نے صوبے بھر میں پریشر ہارن کے استعمال کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا، جس کے بعد آج سے پریشر ہارن کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے تمام سی ٹی اوز اور ڈی ٹی اوز کو بلاامتیاز کارروائی یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی ہے۔
ٹریفک حکام کے مطابق ہسپتالوں، تعلیمی اداروں، ایمرجنسی سینٹرز اور دیگر حساس مقامات پر غیر ضروری ہارن بجانے والوں کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی، جبکہ مسلسل اور لگاتار ہارن بجانے والے ڈرائیورز کو بھی قانون کے مطابق جرمانے کا سامنا کرنا پڑے گا۔
حکام نے کمرشل گاڑیوں کے مالکان کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر اپنی گاڑیوں سے پریشر ہارن اتار دیں، بصورت دیگر ان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ٹریفک پولیس کے اعداد و شمار کے مطابق رواں سال پریشر ہارن اور مسلسل ہارن کے غیر ضروری استعمال پر 3 لاکھ 83 ہزار سے زائد شہریوں کے چالان کیے جا چکے ہیں، جبکہ لاہور ٹریفک پولیس کی جانب سے ہارن کے غلط استعمال پر 48 ہزار شہریوں کو چالان ٹکٹ جاری کیے گئے۔
ٹریفک حکام کا کہنا ہے کہ پریشر ہارن اور مسلسل ہارن کا استعمال انسانی سماعت اور اعصابی صحت کے لیے نقصان دہ ہے، جبکہ کریک ڈاؤن کے نتیجے میں صوتی آلودگی میں بھی کمی واقع ہوئی ہے۔
ٹریفک پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ صوتی آلودگی میں کمی کے لیے ٹریفک قوانین کی پابندی کریں اور غیر ضروری ہارن بجانے سے گریز کریں۔
حکام کے مطابق محفوظ، پُرسکون اور ماحول دوست سڑکیں ہی محفوظ ڈرائیونگ کے لیے سازگار ماحول فراہم کرسکتی ہیں۔



