مریم نواز کے بیان پر پنجاب اسمبلی میں ہلچل، قرارداد جمع، بیان واپس لینے کا مطالبہ

لاہور (جانو ڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے ایک بیان پر پنجاب اسمبلی میں قرارداد کا نوٹس جمع کرا دیا گیا، جس میں وزیراعلیٰ کے بیان کو دیگر صوبوں میں پنجاب اور اس کی عوام کے خلاف منافرت بڑھانے کا باعث قرار دیتے ہوئے شدید مذمت کی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق قرارداد کا نوٹس رکن پنجاب اسمبلی میاں اعجاز شفیع کی جانب سے جمع کروایا گیا۔ قرارداد کے متن میں وزیراعلیٰ پنجاب کے اس بیان کا حوالہ دیا گیا ہے جس میں انہوں نے چند روز قبل ایک تقریب سے خطاب کے دوران کہا تھا کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے مقابلے میں پنجاب کو ہمسایہ صوبوں سے زیادہ خطرہ ہے۔
قرارداد کے متن کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ بیان انتہائی تشویشناک ہے اور اس سے دیگر صوبوں میں پنجاب اور پنجاب کے عوام کے خلاف منافرت پھیلنے کا خدشہ ہے۔
قرارداد میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان سے دشمن ممالک کو فائدہ پہنچ سکتا ہے اور وہ پاکستان کے خلاف مزید دہشت گردی کی سازشیں کرسکتے ہیں۔
متن میں مزید کہا گیا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے بیان کے باعث پنجاب سمیت دیگر صوبوں کی عوام میں بھی تشویش اور بے چینی پیدا ہوئی ہے۔ قرارداد میں ایوان سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے اس بیان کی پرزور مذمت کی جائے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنا بیان واپس لیں تاکہ صوبوں کے درمیان ہم آہنگی، قومی یکجہتی اور باہمی اعتماد کو نقصان نہ پہنچے۔
پنجاب اسمبلی میں جمع کرائے گئے قرارداد کے نوٹس نے صوبائی سطح پر سیاسی بحث کو مزید گرم کردیا ہے، جبکہ اب دیکھنا ہوگا کہ ایوان میں اس قرارداد پر کیا مؤقف سامنے آتا ہے۔



