پی ٹی آئی کے ممکنہ 27 ستمبر مارچ کیلئے سکیورٹی تیاری، پنجاب کا فوج اور رینجرز طلب کرنے کا فیصلہ

لاہور(جانوڈاٹ پی کے) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 27 ستمبر کے ممکنہ لانگ مارچ کے پیش نظر پنجاب حکومت نے وفاق سے فوج اور رینجرز کی تعیناتی کی درخواست کردی ہے۔

ذرائع کے مطابق پنجاب کے محکمہ داخلہ کی جانب سے راولپنڈی، اٹک، جہلم اور میانوالی میں رینجرز تعینات کرنے کی درخواست کی گئی ہے، جبکہ راولپنڈی میں فوج کی تعیناتی بھی طلب کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے فوج اور رینجرز کی تعیناتی 5 اکتوبر تک مانگی ہے۔ سکیورٹی فورسز کی تعیناتی کی درخواست امن و امان برقرار رکھنے کے لیے کی گئی، جبکہ معاملہ پنجاب کابینہ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف میں بھی زیر بحث آیا۔

دوسری جانب ممکنہ سیاسی سرگرمی کے پیش نظر اسلام آباد پولیس نے پنجاب اور سندھ سے مجموعی طور پر 18 ہزار اضافی اہلکار طلب کرلیے ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق پنجاب پولیس سے 16 ہزار جبکہ سندھ پولیس سے 2 ہزار اہلکار مانگے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ تین ڈی آئی جیز، 7 ایس ایس پیز اور 18 ایس پیز بھی دونوں صوبوں سے طلب کیے گئے ہیں۔

یہ درخواستیں 27 ستمبر کی ممکنہ سیاسی سرگرمی کے دوران اسلام آباد اور گرد و نواح میں سکیورٹی انتظامات کے لیے کی گئی ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button